پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا کا برطانیہ کی طرف سے پاکستان کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری کا خیر مقدم

ہفتہ 25 جنوری 2020 18:08

پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا کا برطانیہ کی طرف سے پاکستان کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی حکومت کے اس فیصلے سے دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور پاکستان میں برطانوی سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔

گزشتہ روز برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ نئی ٹریول ایڈوائزی سے متعلق برطانوی حکومت کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔برطانوی حکومت کے اس فیصلے سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور سیاحت میں اضافے کے علاوہ دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ دنیا کا اہم ملک ہے اور اس فیصلہ کے یورپ میں دیگر ملکوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے اور ان یورپی ملکوں کی جانب سے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری و سیاحت کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری کے بعد برطانیہ نے گزشتہ سال جون میں برٹش ائر ویز کو پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرنیکی اجازت دی تھی۔گزشتہ سال ہی برطانوی شاہی جوڑے نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ دیگر بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے بھی پاکستان کیلئے پروازیں شروع کی ہیں۔موجودہ حکومت کی مثبت اقتصادی و سیاحتی پالیسیوں اور سرمایہ کار۔

دوست ماحول کے باعث ملکی امیج میں بہتری آرہی ہے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور سیکورٹی سے متعلق معاملات میں 96فیصد کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی سرگرمیاں اب ایشیاء کی جانب منتقل ہو رہی ہیں اور پاکستان جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے سٹریٹجک لوکیشن پر واقع ہے ،جہاں سرمایہ کاری کے پر کشش مواقع ہیں۔

نفیس زکریا نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کے مختلف حصوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی اقتصادی زونز قائم کر دیئے ہیں۔انہوں نے پاکستانی ہائی کمشین کی جانب سے پاکستانی تارکین وطن اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔پاکستان میں سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی سرزمین قدیم تہذیبوں کا گہوارہ ہے جہاں سیاحو ں کیلئے مذہبی،ایڈونچر اور ایکو۔ٹوارزم کے مواقع موجود ہیں۔