وزیرکھیل پنجاب کی قومی کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز جیتنے پر مبارکباد

سری لنکا و بنگلہ دیشی ٹیموں کی آمد سے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوا ہے، رائے تیمور بھٹی

پیر 27 جنوری 2020 21:31

وزیرکھیل پنجاب کی قومی کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز جیتنے ..
لاہور۔27 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے ‘ صوبائی وزیر کھیل نے کہاکہ قومی ٹیم نے سیریز کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیشی ٹیم کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کیا‘تمام کھلاڑی، کوچنگ سٹاف اور کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ جیت پر مبارکباد کی مستحق ہے، انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا کومبنیشن رواں سال ہونیوالے ورلڈ کپ کیلئے خوش آئند ہے‘رائے تیمور بھٹی نے کہاکہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر خاص مشکور ہیں‘بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی سے پاکستان میں کھیلوں کے میدانوں کی رونق دو بالا ہوگئی ہے‘ انہوں نے کہاکہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے دورے سے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوا ہے‘اگلے ماہ لاہور میں کبڈی کا انٹرنیشنل ورلڈ کپ بھی شروع ہورہا ہے‘انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز، پاک فوج اور سول انتظامیہ کی محنت کے باعث سیریز کا پرامن انعقاد ممکن ہوا‘لاہور کے شہریوں کو سکیورٹی اقدامات کے باعث ہونیوالی پریشانی پر معذرت خواں ہیں‘امید ہے پاکستان سپر لیگ بھی اسی کامیابی سے منعقد ہوگی، وزیر کھیل نے کہاکہ کوشش ہوگی کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران سکیورٹی انتظامات سے شہریوں کو کم سے کم پریشانی ہو۔