پاکستانی حکومت کے بعد سعودی حکومت نے بھی حج اخراجات میں مزید اضافہ کر دیا

عازمین حج پر 410 ریال کی اضافی فیس لاگو ہونے کے بعد پاکستانی عازمین حج کو 300 ریال ویزہ فیس ادا کرنا ہوگی جب کہ 110 ریال انشورنس کی مد میں ادا کرنا ہوں گے

muhammad ali محمد علی منگل 28 جنوری 2020 19:23

پاکستانی حکومت کے بعد سعودی حکومت نے بھی حج اخراجات میں مزید اضافہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جنوری2020ء) پاکستانی حکومت کے بعد سعودی حکومت نے بھی حج اخراجات میں مزید اضافہ کر دیا، عازمین حج پر 410 ریال کی اضافی فیس لاگو ہونے کے بعد پاکستانی عازمین حج کو 300 ریال ویزہ فیس ادا کرنا ہوگی جب کہ 110 ریال انشورنس کی مد میں ادا کرنا ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے عازمین حج پر نئی فیسیں عائد کی ہیں جس کے بعد حج اخراجات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے تمام ممالک کے عازمین حج پر 410 ریال کی اضافی فیس لاگو کردی ہے۔ سعودی حکومت کے اس فیصلے کے بعد پاکستانی عازمین حج کو 300 ریال ویزہ فیس اور 110 ریال انشورنس کی مد میں ادا کرنا ہوں گے۔ سعودی حکومت کے فیصلے کے بعد پاکستانی حکومت نے بھی پاکستانی حجاج کیلئے اضافی فیس اور انشورنش رواں سال حج پیکج میں شامل کردی ہے۔

(جاری ہے)

اس فیصلے کے بعد اب پاکستانی عازمین کو حج پر جانے کے لئے مزید 16 ہزارروپے اضافی ادا کرنا ہونگے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے سعودی حکام سے ویزا فیس اور انشورنس کی فیس ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے سعودی حکومت کی جانب سے مسترد کر دیا گیا۔ جہاں سعودی حکومت نے اضافی فیسیں عائد کی ہیں وہیں پاکستانی حکومت کی طرف سے حج 2020 کے اخراجات میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

گذشتہ سال بھی اخراجات میں ڈیڑھ لاکھ روپے اضافہ کیا گیا تھا۔ یوں پاکستانی عازمین کو اس بار حج اخراجات کے لیے پانچ لاکھ پچاس ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔ نارتھ ریجن کا حج پیکج پانچ لاکھ پچاس ہزار اور ساؤتھ ریجن کا پیکج پانچ لاکھ پینتالیس ہزار رکھا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ روپے کی قدر میں کمی اور ایئرلائنز کے کرایوں میں اضافہ کے باعثٖ کرنا پڑا۔