ایران اور ترکی نے صدر ٹرمپ کے امن منصوبہ کو مسترد کردیا،سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی فلسطینی عوام کو حمایت کی یقین دہانی

بدھ 29 جنوری 2020 23:09

ایران اور ترکی نے صدر ٹرمپ کے امن منصوبہ کو مسترد کردیا،سعودی فرمانروا ..
تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تجویز کردہ فلسطین ۔اسرائیل نئے امن منصوبہ پر ایران اور ترکی نے اپنا ردعمل دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹرمپ کی تجویز کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک ڈرائونا خواب ہے۔ ترکی نے مشرق وسطیٰ سے متعلق امریکی صدر کے نئے پلان کو مسترد کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ترک صدر رجب طیب ادوان نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس مسلمانوں کیلئے بہت قابل احترام مقام ہے، مقبوضہ بیت المقدس اسرائیل کے حوالے کیا جانا کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی پلان میں فلسطینی عوام کے حقوق کو نظرانداز کیا گیا ہے، امریکی پلان میں اسرائیلی قبضے کو قانونی قرار دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے بھی فلسطینی عوام کو اپنی حمایت کی یقینی دہانی کرائی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطین کے صدر محمود عباس سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ان تمام آپشنز کی حمایت کرتا ہے جن سے ان کی امیدیں اور امنگیں پوری ہوں۔