فیصل آباد سمیت ملک بھر میں سرطان کا عالمی دن منگل کو منایا گیا

منگل 4 فروری 2020 13:25

فیصل آباد سمیت ملک بھر میں سرطان کا عالمی دن منگل کو منایا گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2020ء) فیصلل آباد سمیت ملک بھر میں سرطان کا عالمی دن منگل کو بھرپورطریقے سے منایا گیا۔ مذکورہ دن اقوام متحدہ کے چارٹرآف پیرس کے مطابق ہر سال 4 فروری کو دنیا بھر کے 196 رکن ممالک میں ورلڈ کینسر ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ فیصل آبادمیڈیکل یونیورسٹی ، پینم کینسر ہسپتال فیصل آباد اور الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے طبی ماہرین نے اے پی پی کو بتایا کہ دنیا میں ہر سال 75 لاکھ افراد کینسر کے مرض میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں ہر پانچ منٹ میں ایک ، ہر گھنٹے میں 12 اور ہر چوبیس گھنٹے میں288 افراد کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کینسر کے مرض سے جاں بحق ہونے والوں کی سالانہ تعداد ایک لاکھ 5 ہزار سے بھی زائد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بروقت تشخیص ،مؤثر علاج ، روزانہ ورزش ، اچھی غذا کے استعمال سے کینسرسے متعلقہ 40 فیصد بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کینسر ڈے کے موقع پر مختلف تقریبات کے دوران طبی ماہرین عوام الناس کو کینسر کی مختلف اقسام ، ابتدائی علامات ، وجوہات ، علاج معالجہ ، حفاظتی تدابیر اور دیگر متعلقہ امور سے بھی آگاہ کیاگیا۔