پنجاب کے سرکاری سکولوں کے علاوہ نجی سکولوں کے طلبا ء وطالبات کی سکریننگ کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا ‘یاسمین راشد

پنجاب کے تعلیمی اداروں کے 50 ہزار طلباء وطالبات کی سکریننگ کے بعد سارا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا‘صوبائی وزیر صحت کاتقریب سے خطاب

جمعہ 7 فروری 2020 16:27

پنجاب کے سرکاری سکولوں کے علاوہ نجی سکولوں کے طلبا ء وطالبات کی سکریننگ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2020ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے قصور میں وزیر اعلیٰ سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سکریننگ پروگرام کاا فتتاح کردیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹرمرادراس ، صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل (ر)ہاشم ڈوگر ، ڈاکٹر عظیم ،ڈاکٹر شگفتہ،عرفان میمن اور ڈاکٹر نذیر کے علاوہ دیگر مرد وخواتین کی کیثر تعداد نے شرکت کی ۔

وزیر اعلیٰ سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سکریننگ پروگرام کی افتتاحی تقریب کا انعقادبوائز ہائی سکول چھانگامانگا میں کیا گیا ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع قصور سے سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سکریننگ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے اوراس پروگرام کے تحت پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں کے بچوں کی سکریننگ کو یقینی بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

بچوں کی نشونما اور وبائی بیماریوں سے بچانے کے لئے سکو ل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سکریننگ پروگرام انتہائی اہم کر دار ادا کریگا ۔انہوں نے کہا کہ سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سکریننگ پروگرام کا بنیادی مقصد بچوں کی صحت کو یقینی بنانا ہے ۔پنجاب کے سرکاری سکولوں کے علاوہ نجی سکولوں کے طلبا ء وطالبات کی سکریننگ کا عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ نے کہا کہ صحت مندطالب علم ہی خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی پختہ اور مضبوط بنیاد رکھ سکتا ہے۔ طالب علم کی کامیابی میں اچھی صحت بنیادی اہمیت کی حامل ہے ۔والدین کو بچوں کی صحت کاخاص خیال رکھنا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں کے 50 ہزار طلباء وطالبات کی سکریننگ کے بعد سارا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا ۔ سکریننگ کے عمل کے بعد ہر بچے کے والدین کو بچے کے صحت بارے مکمل ریکارڈ جاری کیا جائے گا ۔