پاکستان اور برطانیہ کے مابین سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات انتہائی

اہمیت کے حامل ہیں، برطانیہ کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی خوش آئند، اس سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر سے ملاقات میں گفتگو

منگل 11 فروری 2020 23:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2020ء) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ یہ بات انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیر خارجہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری میں کی جانے والی تبدیلی خوش آئند ہے اس سے ہمارے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ بات چیت کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔