ہائیکورٹ ملتان بنچ نے جمشید دستی کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی

جمعرات 13 فروری 2020 23:36

ملتان ۔13 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2020ء) ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس مشتاق احمد نے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر وکلاء کے دلائل سننے کے بعدان کی 20 فروری تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا جس پران کی موقع پر ہی ہتھکڑی کھول دی گئی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ جمشید دستی کو پولیس تھانہ مظفرگڑھ نے آئل ٹینکر چوری اور عملہ اغواء کیس میں گرفتار کررکھا تھا جس پر جمشید دستی کے وکلاء نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا۔

دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل چوہدری ذوالفقار علی سدھو نے موقف اختیار کیا کہ جمشید دستی پر 1992 سے 29 مقدمات درج ہیں، جمشید دستی کے ہمراہی ملزمان سے آئل ٹینکر برآمد کر لیا گیا ہے، اس لئے جمشید دستی کی گرفتاری بالکل قانون کے مطابق ہے ۔ عدالت عالیہ نے مظفر گڑھ علاقہ مجسٹریٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے جمشید دستی کی حفاظتی ضمانت 20 فروری تک منظور کر کے احاطہ عدالت میں ہتھکڑیاں کھلوا دیں ۔