وزیر اعظم عمران خان نے ’’راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ ‘‘بنانے کا حکم دیا ہے،مومنہ وحید

جمعہ 14 فروری 2020 15:30

لاہور۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے سمیت سیاحت کی توجہ کا مرکز بنانے کے لئے دریائے راوی کے گردونواح میں ’’راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ ‘‘بنانے کا حکم دیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کے لئے دوسب کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں۔

یہاںجمعہ کے روز جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ ان میں 14افسران شامل ہیں جن کو پروجیکٹ کے بارے میں 15دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دریائے راوی کو توجہ کا مرکزبنانے کے لئے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس کے پیش نظر وفاقی اور صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ دریائے راوی کے گردونواح میں کمرشل عمارتیں تعمیر کی جائیں جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور بیروزگاری میں کمی آئے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ یہاں پر جھیل بھی بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ،دریائے راوی میں پانی کے معیار کے حوالے سے بھی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ دونوں سب کمیٹیوں نے اجلاس طلب کرنے کے لئے رابطے شروع کردیئے ہیں۔وفاقی اور صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ اس پراجیکٹ کے مکمل ہونے سے ایک طرف شہر لاہور خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں تو دوسری طرف سیاحت میں بھی اضافہ ہو۔