پاکستان میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،

حکومت نے اس وائرس سے بچائو کیلئے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا ہے،ڈاکٹر ظفر مرزا

جمعہ 14 فروری 2020 16:02

پاکستان میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، حکومت نے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نوول کورونا وائرس ایمر جنسی کور گروپ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ میجرجنرل عامراکرام اور پاک فوج کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے موجودہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا پاکستان میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا حکومت پاکستان نے کرونا وائرس سے بچائو کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے مطابق اسلام آباد کے حج کمپیلکس کو حفظ ماتقدم کے طور پر قرنطین کیا ہے جبکہ پاکستان کے تمام انٹری پوائنٹس پر سکریننگ کی جا رہی ہے، چین سے آنے والے مسافروں کا ڈیٹا بھی لیا جا رہا ہے اور اس ڈیٹا کے ذریعے ان کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر ظفرمرزا نے مزید کہا عوام کو تحفظ دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں عوام کو کورونا وائرس سے بچائو کیلئے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔