شام میں بشار حکومت کی سفاکیت کی حمایت روک دیں ‘ ٹرمپ کا روس سے مطالبہ

صدرٹرمپ کا ترک ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ‘ادلب میں تشدد کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا

پیر 17 فروری 2020 16:22

شام میں بشار حکومت کی سفاکیت کی حمایت روک دیں ‘ ٹرمپ کا روس سے مطالبہ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ اٴْس سفاکیت کی حمایت کا سلسلہ ختم کر دے جس کا ارتکاب شامی حکومت کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کے مطابق ٹرمپ نے شام کے صوبے ادلب میں پرتشدد کارروائیوں پر امریکا کی تشویش کا اظہار کیا۔ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران ٹرمپ نے ادلب میں تشدد کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا اور امریکا کی اس خواہش سے آگاہ کیا کہ وہ بشار حکومت کی جانب سے مرتکب سفاکیت کے لیے روسی سپورٹ کو ختم ہوتا دیکھنا چاہتا ہے۔

اس سے قبل بشار حکومت کی فوج نے اتوار کے روز شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں اپوزیشن گروپوں کے آخری گڑھ پر حملے کے دوران مزید کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

(جاری ہے)

شامی حکومتی میڈیا کے مطابق بشار کی فوج نے حلب شہر کے اطراف کنٹرول حاصل کر لیا۔ ان میں کئی دیہات اور قصبے شامل ہیں۔بشار حکومت نے گذشتہ برس دسمبر سے ادلب کے علاوہ حلب اور لاذقیہ صوبوں کے علاقوں پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

اس دوران اسے روسی فضائیہ کے طیاروں کی سپورٹ بھی حاصل ہے۔ادھر شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے واضح کیا ہے کہ بشار حکومت نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران 2011 کے بعد پہلی مرتبہ حلب کے اطراف 30 قصبوں اور دیہات پر مکمل طور سے کنٹرول حاصل کر لیا۔ اس طرح بشار کی فوج نے حلب کے جنوبی اور مغربی دیہی علاقوں میں تقریبا 95 فی صد رقبے کا کنٹرول واپس لے لیا ہے۔

گذشتہ برس دسمبر میں بشار کی فوج نے روس کی سپورٹ سے ادلب صوبے اور اس کے پڑوس میں واقع علاقوں میں ایک وسیع حملہ شروع کیا تھا۔ ان علاقوں پر تحریر الشام (سابقہ النصرہ فرنٹ) اور دیگر اپوزیشن گروپوں کا کنٹرول ہے۔ المرصد کے مطابق مذکورہ وسیع حملے کے نتیجے میں اب تک 380 سے زیادہ شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں 8 لاکھ سے زیادہ افراد نقل مکانی کر گئے۔