اس سال لاہور قلندرز کو ہرانا بہت مشکل ہو گا :رمیز راجہ کا دعوی

لاہورکے پاس شاہین شاہ آفریدی ہیں جو پوسٹر بوائے بن چکے ہیں ، کرس لین اور حارث رﺅف یقینی میچ ونرز ہیں: معروف کمنٹیٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 فروری 2020 16:56

اس سال لاہور قلندرز کو ہرانا بہت مشکل ہو گا :رمیز راجہ کا دعوی
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2020ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹررمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن میں لاہور قلندرز کو شکست دینا آسان نہیں ہو گا کیونکہ ان کے پاس شاہین شاہ آفریدی ہیں جو پوسٹر بوائے بن چکے ہیں جبکہ کرس لین اور حارث رﺅف یقینی میچ ونرز ہیں۔تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہور قلندرز کے پاس کرس لین اور حارث رﺅف کی شکل میں یقینی میچ ونرز ہیں اور فخر زمان کی سخت محنت کے بعد پی ایس ایل میں واپسی ہو رہی ہے جو سب کی توجہ کا مرکز ہوں گے، اس کے علاوہ انہوں نے نئے لیگ سپنر فرزان کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے اور میں نے سنا ہے کہ وہ بہت اچھی باﺅلنگ کرتا ہے جبکہ ہر فارمیٹ میں ہی لیگ سپنر بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی دونوں طرف گیند سوئنگ کر سکتے ہیں اور فرنچائز کیلئے پوسٹر بوائے کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ عثمان خان شنواری کی صورت میں انہیں لیفٹ آرم اینگل بھی میسر ہے۔ لاہور قلندرز کے پاس بہت متوازن باﺅلنگ اٹیک ہے جو تجربہ کار بھی ہے اس لئے میرے خیال سے اس سیزن میں کس بھی فرنچائز کیلئے انہیں شکست دینا بہت مشکل ثابت ہو گا۔

57 سالہ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے گزشتہ تمام سیزن میں خوفناک کارکردگی دکھانے والی لاہور قلندرز کے پاس پانچویں سیزن میں چیزیں بدلنے کیلئے تمام ہتھیار موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی پوچھ رہا ہے کہ اس لاہور قلندرز اس سال کیسی کارکردگی دکھائے گی؟ گزشتہ چار سال ان کیلئے بہت سخت رہے ہیں لیکن یہ سال بہت مختلف ثابت ہو سکتا ہے۔

وہ اپنے زیادہ تر میچز اپنے ہوم گراﺅنڈ پر کھیلیں گے جبکہ ان کی فین بیس بہت بڑی ہے جو ان کی حمایت کیلئے میدان میں موجود ہو گی، دیکھا جائے تو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے مداحوں کی تعداد ایک جتنی ہے۔رمیز راجہ نے کہا کہ بلے بازی کے شعبے میں بھی لاہور قلندرز کے پاس ایسے کئی کھلاڑی ہیں جو نیا گیند کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں اور یہ بات کمزوری کیساتھ ساتھ طاقت بھی ثابت ہو سکتی ہے البتہ مڈل آرڈر کچھ زیادہ طاقتور نظر نہیں آتا جس میں تجربے کی خاصی کمی ہے لیکن جو دن کرس لین کا ہوا ، اس روز لاہور قلندرز کو مڈل آرڈر کی ضرورت نہیں ہو گی، وہ ایک میچ ونر کھلاڑی ہیں۔