ہانگ کانگ میں مسلح ڈاکوؤں نے سینکڑوں ٹوائلٹ رولز لوٹ لیے

منگل 18 فروری 2020 00:30

ہانگ کانگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) ہانگ کانگ میں مسلح ڈاکوؤں نے 130 امریکی ڈالر مالیت کے سینکڑوں ٹوائلٹ رولز چوری کر لیے ۔پولیس کے مطابق واقعہ علی الصبح پیش آیا ،ڈاکوؤں نے چاقو لہراتے ہوئے ضلعمنگ کوک کی ایک سپر مارکیٹ کے باہر ڈلیوری کرنے والے شخص کو لوٹ لیا۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے کچھ چوری شدہ رولز برآمد کر لیے ہیں۔

مقامی اطلاعات کے مطابق ڈاکوؤں نے ڈیلیوری ورکر کو اس وقت دھمکی دی جب وہ ویلکم سپر مارکیٹ کے باہر ٹوائلٹ پیپر کے رولز اتار چکا تھا۔ڈیلیوری ورکر کے مطابق 600 ٹوائلٹ پیپر رولز جن کی قیمت 1695 ہانگ کانگ ڈالرز ہے، اسحلے کے زور پر لوٹ لیئے گئے۔ہانگ کانگ میں اس وقت ٹوائلٹ رولز کی قلت پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ صورتحال کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد گھبراہٹ میں کی گئی خریداری کے بعد پیدا ہوئی ،حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود کہ کورونا وائرس پھیلنے سے سپلائی متاثر نہیں ہو رہی، ہانگ کانگ کے رہائشی ٹوائلٹ پیپر ذخیرہ کر رہے ہیں۔

حکام خوف و ہراس میں کی جانے والی خریداری کا الزام آن لائن پھیلنے والی افواہوں پر عائد کرتے ہیں۔پریشانی کا شکار لوگ چاول، پاستا اور صفائی ستھرائی کا سامان بھی دھڑا دھڑخریدتے دیکھے گئے ہیں۔