سفارتی دبائو اور عالمی رہنمائوں کی ثالثی کی پیشکش سے مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد ملے گی، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میںانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیا ںکر رہا ہے،

مستقل مندوب منیر اکرم

منگل 18 فروری 2020 01:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ سفارتی دبائو اور عالمی رہنمائوں کی ثالثی کی پیشکش سے مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد ملے گی ۔پیر کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میںانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیا ںکر رہا ہے ، 9 لاکھ بھارتی فوجیوں نے کئی ماہ سے مقبوضہ وادی کو لاک ڈائوں کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیر کاز سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے متعلق آگاہ کرنے کے لئے تین نکاتی حکمت عملی اختیار کی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں منیر اکرم نے کہاکہ عالمی رہنما بھارت کو مذاکراتی میز پر لانا چاہتے ہیں تاکہ دو ایٹمی ممالک کے درمیان تصادم کو روکا جائے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور افغانستان میں امن کے معاملہ کو حل کرنا چاہیے۔