پیس پنجاب پولو کپ ،پی بی جی رسالہ نے ری مائونٹس کو،گارڈ گروپ /آرٹیما میڈیکل نے اولمپیاء /ٹیکنی مین کو شکست دیدی

منگل 18 فروری 2020 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2020ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام پیس پنجاب پولو کپ کے پہلے روز پی بی جی رسالہ نے ری مائونٹس کو 9-4 سے جبکہ دوسرے میچ میں گارڈ گروپ /آرٹیما میڈیکل نے اولمپیاء /ٹیکنی مین کو 7-5.5 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے تاریخی پولو کپ پیس پنجاب پولو کپ 2020ء کے پہلے روز پولو لورز کی بڑی تعداد گرائونڈ میں موجود تھی۔

12 گول کے اس ٹورنامنٹ کے پہلے روز لاہور پولو کلب کے صدر ملک عاطف یار ٹوانہ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران آغا مرتضیٰ علی خان، عثمان حئی، ثاقب خان خاکوانی ، آغا نجیب رضا، سیکرٹری کرنل (ر) مدثر شریف، ممبرز اور فیملیز کی بڑی تعداد موجود تھی۔پہلا میچ کافی دلچسپ رہا جس میں پی بی جی رسالہ کی ٹیم نے ری مائونٹس کو 9-4 سے ہرایا۔

(جاری ہے)

پی بی جی رسالہ کی طرف سے پہلے چکر میں پانچ گول سکور کیے گئے۔

دوسرے چکر میں بھی پی بی جی نے دو گول سکور کیے ، تیسرے چکر میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول سکور کیا۔ چوتھے چکر میں بھی پی بی جی رسالہ نے دوگول سکور کیے۔ پی بی جی رسالہ کی طرف سے حمزہ مواز خان نے پانچ، نکلوس نے تین جبکہ کرنل رب نواز ٹوانہ نے ایک گول سکور کیا۔ ری مائونٹس کی ٹیم جنہیں دو گول ہینڈی کیپ کا ایڈوانٹیج بھی حاصل تھادیگر میں میجر حسیب منہاس اور جولیو۔

اربرٹو نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرے میچ میں گارڈ گروپ /آرٹیما میڈیکل کی ٹیم نے اولمپیائ/ٹیکنی مین کی ٹیم کو 7-5.5 سے ہرا دیا۔پہلے چکر میں اولمپیائ/ٹیکنی مین نے دو جبکہ گارڈ گروپ /آرٹیما میڈیکل کی ٹیم نے ایک گول سکور کیا۔دوسرے چکر میں گارڈ گروپ /آرٹیما میڈیکل کی ٹیم نے دو جبکہ اولمپیائ/ٹیکنی مین نے ایک گول سکور کیا۔ تیسرے اور چوتھے چکر میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول سکور کیا۔

جیتنے والی ٹیم گارڈ گروپ /آرٹیما میڈیکل کی طرف سے انگلش کھلاڑی جارج میرک نے تین، راجہ تیمورندیم اور تیمور علی ملک نے دو دو گول سکور کیے جبکہ اولمپیاء /ٹیکنی مین کی ٹیم جن کو آدھے گول کا ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا کی طرف سے حسام علی حیدر اور احمد بلال ریاض نے دودو جبکہ ہاشم کمال آغا نے ایک گول سکور کیا۔ آج بروز بدھ دوپہر دو بجے پہلا میچ ری مائونٹس کا مقابلہ پیبل بریکر سے جبکہ تین بجے اے ایس سی پولو ٹیم کا مقابلہ بی این پولو ٹیم سے ہوگا۔