الیکشن کمیشن آف پاکستان، نادرا اور سول سوسائٹی کے تعاون سے نظر ثانی میٹنگ کا انعقاد

بدھ 19 فروری 2020 20:39

الیکشن کمیشن آف پاکستان، نادرا اور سول سوسائٹی کے تعاون سے نظر ثانی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان، نادرا اور سول سوسائٹی کے تعاون سے ایک نظر ثانی میٹنگ کا کراچی کے مقامی ہوٹل میں انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد جاوید خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (جینڈر افیئرز)نگہت صدیق، ڈائریکٹر سندھ اعجاز انور چوہان، ضلعی الیکشن کمشنرز، نادرا کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد جاوید خان نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور خصوصی طور پر خواتین، خواجہ سراء اور معذور افراد کے ووٹ رجسٹریشن کیلئے خصوصی انتظامات کیلئے ہدایات جاری کی اور تمام شرکاء خاص طور پر نادرا اور سول سوسائٹی سے کہا کہ خواتین، خواجہ سراء اور معذور افراد کا سب سے پہلے قومی شناختی کارڈ کے حصول کو آسان سے آسان بنانا اور اِس کے بعد حق رائے دہندگان میں شامل کروانے میں آپ کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا ضلعی الیکشن کمشنرز کے ساتھ سب مل کرکام کریں۔ اِنہوں نے ضلعی الیکشن کمشنرز کو بھی پابند کیا کہ وہ اپنے اضلاع میں اِس سلسلے میں کسی بھی پریشانی کی صورت میں فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ اِن ممکنہ پریشانی کو آئندہ کیلئے ختم کیا جاسکے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد جاوید خان نے مہمانان گرامی سے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی یہ خواہش اور کوشش ہے کہ ووٹر کے اندراج سے لیکر ووٹ کاسٹ کرنے تک تمام امور میں شراکت کو بڑھایا جائے اور ہر صورت ووٹ کاسٹ کرنے کی شرح کو معقول حد تک لایا جائے، پولنگ اسٹیشنز کی تعداد بڑھانے، ٹیکنالوجی کے استعمال اور خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے خاص طور پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اِس سلسلے میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد ووٹرز کے اندراج سے لیکر ووٹ ڈالنے کے عمل میں شرکت کو بڑھانے کیلئے سب کا تعاون درکار ہے۔ ہمیں گھر گھر اِس آواز کو پہنچانا ہے کہ ووٹ کی طاقت کو استعمال کرنا ہے۔