امریکا میں عمران خان کے نام سے ادارہ چلانے کا انکشاف

’عمران خان ڈویلپمنٹ اکیڈمک ریسرچ ‘ وزیراعظم عمران خان کے نام پر چندہ جمع کرتا تھا،پی ٹی آئی کا ادارے کے خلاف کاروائی کا فیصلہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 20 فروری 2020 10:50

امریکا میں عمران خان کے نام سے ادارہ چلانے کا انکشاف
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 20 فروری 2020) : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان کے نام سے امریکا میں ادارہ چلانے کا انکشاف ہوا ہے،ادارے کی طرف سے عمران خان کے نام پر چندہ جمع کیا جاتا تھا۔تفصیلات کے مطابق امریکا میں ’عمران خان ڈویلپمنٹ اکیڈمک ریسرچ ‘ کے نام سے ایک ادارہ چلانے کا انکشاف ہوا ہے۔جس کے بعد پاکستانی سفارتخانے اور پاکستان تحریک انصاف نے ادارے کے خلاف کاروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف امریکا نے وزیراعظم عمران خان کے نام پر چلائے جانے والے ادارے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا ہے۔پی ٹی آئی نے وضاحت کی ہے کہ اس ادارے کا پارٹی یا عمران خان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔صدر پی ٹی آئی امریکا سجاد برکی کا کہنا ہے تنظیم چلانے والے دبیر ترمزی کی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کے نام سے تنظیم کے خلاف قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔عمران خان ڈویلپمنٹ اکیڈمک ریسرچ کا وزیراعظم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ادارے کے اہلکاروں کو عمران خان کے نام پر چندہ جمع کرنے سے روک دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے قائم کردہ شوکت خانم اسپتال کے لیے دنیا بھر سے لوگ چندہ دیتے ہیں۔، لاہور اور پشاور کے بعد کراچی اور دیگر شہروں میں بھی کینسر ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔

شوکت خانم ہسپتال کے لیے فنڈریزنگ تقاریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔2018ء میں عمران خان کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال ساڑھے سات کروڑ کی زکواة جمع ہوئی تھی جس طرح پی ٹی آئی آہستہ آہستہ آگے جارہی ہے ویسے ہی شوکت خانم کے فنڈز بھی زیادہ ہورہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم میں دنیا بھر کے مقابلہ میں کم خرچہ پر علاج ہورہا ہے مخیر حضرات شوکت خانم ہسپتال کو چندہ دیا کرے تاکہ غریب عوام کا علاج آسانی سے ہوسکے ،کینسر ہسپتال کو چلانے کے لئے بہت زیادہ فنڈز درکار ہوتا ہے ۔اکثر اوقات اپوزیشن کی طرف سے عمران خان پر چندہ کے لیے جمع کی جانے والی رقم کو لے کر تنقید کی جاتی ہے۔