وزیر انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی ملاقات

ملک بھر میں سرکاری ہسپتالوں میں منشیات کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کیلئے مخصوص وارڈز بنانے پر اتفاق

جمعرات 20 فروری 2020 22:44

وزیر انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2020ء) وفاقی وزیر انسداد منشیات شہریار خان آفریدی اور مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک بھر میں سرکاری ہسپتالوں میں منشیات کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کیلئے مخصوص وارڈز بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ جمعرات کو وزیر انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے یہاں ملاقات کی۔

جاری بیان کے مطابق ملاقات میں منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی پر بات چیت کی گئی اور دونوں کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک بھر میں سرکاری ہسپتالوں میں دیگر وارڈز کی طرح منشیات کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کے وارڈز بنائے جائیں۔ پرائیویٹ اور سرکاری منشیات کی بحالی کے مراکز کی مانیٹرنگ اور علاج کا ایک ہی معیار بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق ملک بھر میں سڑکوں، نالوں اور قبرستانوں میں بے یار و مددگار پڑے منشیات کے عادی افراد کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کرکے معاشرے کا مفید شہری بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے نمائندگان کا جلد اجلاس بلا کر منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ملک بھر میں یکساں سسٹم متعارف کرائیں گے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا اقدام ہوگا۔