سبزی منڈی پولیس نے سیکٹر آئی الیون میں آڑھتی کی دکان سے نقدی چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے 12 لا کھ روپے برآمد کر لئے

جمعرات 20 فروری 2020 22:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) سبزی منڈی پولیس نے سیکٹر آئی الیون میں آڑھتی کی دکان سے نقدی چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے 12 لا کھ روپے کی مسروقہ رقم برآمد کر لی، مدعی مقدمہ جب نماز کی ادائیگی کیلئے گیا تو ملزم نے اس کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کی دکان سے یہ رقم چرا لی تھی۔ وفاقی پولیس کے مطا بق عبدالسمیع جو کہ سبزی منڈی میں آڑھت کا کا روبار کرتا ہے نماز کی ادائیگی کیلئے گیا تو اس کی غیر موجودگی میں دکان سے نقدی 12 لا کھ روپے کی رقم چوری ہو گئی جس پر سبزی منڈی پولیس نے مقدمہ نمبر 77/20مورخہ16-02-2020زیر دفعہ 454/380 ت پ درج رجسٹر کیا اور تفتیش مقدمہ عمل میں لائی۔

ایس پی انڈسٹریل ایریا زون زبیر احمد شیخ نے اس مقدمہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ نقدی کی برآمدگی کیلئے ڈی ایس پی غلام محمد باقر کی زیر نگر انی ایس ایچ او تھانہ سبزی منڈی سب انسپکٹر عمران حیدر، اے ایس آئی محمد عارف معہ دیگر ملازمان پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی۔

(جاری ہے)

تشکیلی ٹیم نے سبزی منڈی مارکیٹ کی دکان سے نقدی چوری کی واردات میں ملوث ملزم رستم سکنہ تحصیل کوٹلی ستیاں ضلع راولپنڈی حال ضیاء مسجد کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا اور ملزم کے قبضہ سے مسروقہ نقدی مبلغ 12 لاکھ روپے برآمدکر لی۔

ملزم مدعی کی دکان کے سامنے سبزی کی ریڑھی لگاتا تھا۔ مدعی مقدمہ نماز کی ادائیگی کیلئے گیا تو ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیف سے نقدی چوری کر لی، مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سیّد نے پولیس ٹیم میں شامل افسران و ملازمان کی اس اچھی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :