ہری پور یونیورسٹی کے طلبہ میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، کھیلوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ کی جا رہی ہے، وائس چانسلر

جمعہ 21 فروری 2020 18:52

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) وائس چانسلر ہری پور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انوارالحسن نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، یونیورسٹی آف ہری پور کے طلباء و طالبات نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی سے ملک بھر کے اندر ادارہ کا خوب نام روشن کر رہے ہیں، کھیلوں کے بہترین مقابلوں کے انعقاد پر ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

وہ جمعہ کو انٹر ڈیپارٹمنٹل بوائز/گرلز چیمپئن شپ کی فاتح ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس رفیق خان اور مختلف ڈیپارٹمنٹ کے ٹیم کوچز بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انوارالحسن گیلانی نے کہا کہ ہری پور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، یونیورسٹی آف ہری پور کے محنتی و تجربہ کار فیکلٹی ممبران کی انتھک کوششوں سے یونیورسٹی آف ہری پور تیزی سے ترقی کے منازل طے کر رہی ہے، تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر سپورٹس رفیق خان اور ان کی ٹیم جو گذشتہ سات سالوں سے مسلسل سالانہ گیمز کا انعقاد کر رہے ہیں، طلباء و طالبات کی کھیلوں کی سرگرمیوں میں دلچسپی خوش آئند ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اور طلباء و طالبات کو یقین دلایا کہ وہ کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد اور ان کے فلاح و بہبود کیلئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے تاکہ طلبہ کھلاڑی ملک بھر کے اندر کھیلوں میں ادارہ کا خوب نام روشن کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :