ملتان کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان بنایا جارہاہے، وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی

اتوار 23 فروری 2020 20:45

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملتان میں نکاسی آب کا مسئلہ سب سے سنگین مسئلہ ہے جس کو حل کرنے کیلئے ورلڈ بینک اور چینی ایجنسی جائیکا سے فنڈنگ کی درخواست کی ہے، نکاسی کا مسئلہ حل ہونے سے سڑکوں اور شہر کی صفائی و ستھرائی کا نظام بھی بہتر ہو جائیگا، شہر میں صفائی کو بہتر بنانے کیلئے ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی کو ریسورس فل کیا جا رہا ہے اور نئے سیور مین بھرتی کئے جا رہے ہیں، ملتان کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان تشکیل دیا جار ہا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک بہت بڑے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دی ہے جس کی تکمیل کے بعد ملتان شہر کی حالت تبدیل ہو جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این ای156 کی یونین کونسل 25 میں احمد آباد تا قبرستان روڈ کی تعمیر کے سنگ بنیاد کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ‘ صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری‘ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی‘ رانا عبدالجبار ‘ قربان فاطمہ ‘چیئرمین ایم ڈی اے میاں جمیل ‘ اکبر علی انصاری‘ امین انصاری ‘ نعیم انصاری‘ رائو محسن واہلیان علاقہ کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر پر 1کروڑ 41لاکھ روپے لاگت آئیگی اور 9ماہ کی مدت میں مکمل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان یونین کونسل 25مبارک باد کے مستحق ہیں، آج ان کے علاقے کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 156 اور پی پی 215 کی 5یونین کونسلوں کا دیرینہ مسئلہ سیوریج و پانی تھا، سیوریج کا پانی گھرو ںکے اندر داخل ہو جاتا تھا ،یہاں کے نمائندہ کے طور پر نکاسی کے مسئلہ کے حل کے لئے پانچ یونین کونسلوں کیلئے 10کروڑ روپے منظور کروا کر بجٹ میں شامل کروادیئے ہیں، اب یہ مقامی ورکرز کی ذمہ داری ہے کہ اپنی نگرانی میں شفاف کام مکمل کروائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ترقیاتی منصوبو ںکی شفافیت اور میرٹ پر یقین رکھتی ہے، ترقیاتی کامو ںکے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔