آل ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن شمالی وزیر ستان کا جرگہ

ٹرانسپورٹرز کا آپریشن ضرب عضب کے دوران گم اور جلنے والی گاڑیوں کے ازالے کا مطالبہ

پیر 24 فروری 2020 22:49

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2020ء) شمالی وزیرستان کے ٹرانسپورٹروں نے آپریشن ضرب عضب کے دوران گم ہونے اور جل جانیوالی گاڑیوں کے ازالے کا مطالبہ کردیا آپریشن کے دوران ہزاروں ٹرانسپورٹروں کی گاڑیاں متاثر ہوئی ان گاڑیوں سے سینکڑوں خاندانوں کا روزگار وابستہ تھا حکومت فوری طور پر سروے کرا کر ازالہ کرے گزشتہ روز شمالی وزیر ستان کی تحصیل میر علی میں ہر مز اڈہ میں آل ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن شمالی وزیر ستان کا جرگہ منعقد ہوا جس میں ٹرانسپورٹروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی جرگہ سے صدر ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نور علی خان ،محمد طارق وز یر اور محمد یاسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2014میں آپریشن ضرب عضب کے باعث ہم بے سر و سامانی کی حالت میں اپنے علاقوں کو چھوڑ کر نکلے تھے اور تقریبا تین سے چار سالوں تک ہم بنوں سمیت مختلف علاقوں میں رہائش پذیر رہے جس کی وجہ سے ہماری ہزاروں کی تعداد میں وہاں پر رہ جانے والی گاڑیاں کچھ آپریشن کے دوران جل گئیں تھی تو کچھ گاڑیاں چوری یا گم ہو گئی تھی جس کی وجہ سے ہمیں فی ٹرانسپورٹر لاکھوں روپے کا نقصان اُ ٹھانا پڑا انہوں نے کہا کہ ہمارا ان گاڑیوں سے روزگار وابستہ تھا جس کے ذریعے سے ہم اپنے خاندانوں کی کفالت کیا کرتے تھے لیکن اب شمالی وزیر ستان واپسی اور بحالی پر اُن کے پاس کوئی ذریعہ معاش موجود نہیں ہے اُن کا کہنا تھا کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد حکومت نے گھروں ،دکانات اور دیگر مدوں میں متاثرین آپریشن کے نقصانات کے ازالے کیلئے فنڈز ریلیز کئے اور اُن متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگی کی گئی لیکن ٹرانسپورٹروں کی نہ کوئی سروے کی گئی نہ ہی اُنہیں کسی قسم کی امداد کی گئی جس کی وجہ سے وہ تاحال بے روزگار اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں تاہم انہوں نے وزیر اعظم عمران خان ،وزیر سیفران ،خیبر پختونخوا حکومت سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹروں کو بھی آئندہ سروے میں شامل کرکے ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ سے اپنے بچوں کی کفالت کیلئے اپنا کاروبار شروع کرسکے ۔