پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل میں کھیل کے اعلیٰ معیار اور شائقین کی شرکت پر مسرور

غیرملکی کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت اس بات کی ضمانت ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے، ایو نٹ میں شریک کھلاڑی، آفیشلزاور سپورٹ اسٹاف پی سی بی انتظامات پر مطمئن ہیں، ترجمان پی سی بی

پیر 24 فروری 2020 22:15

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے مکمل ایڈیشن کا انعقاد پہلی مرتبہ پاکستان میں ہورہا ہے‘ 32 روزہ ایونٹ میں کٴْل 34 میچز کھیلے جائیں گے‘ اس سلسلے میں لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے ابتدائی 7 میچوں کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز کا رخ کرنے پر شائقین کرکٹ کا مشکور ہے۔

ترجمان پی سی نے کہا ہے کہ 12 ماہ قبل ایونٹ کے پانچویں ایڈیشن کا پاکستان میں اعلان کرتے وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین تھا کہ لیگ کے سنسنی خیز میچز دیکھنے کے لیے شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کرے گی‘ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020صرف ملک میں ہی نہیں بلکہ بیرون ملک میں بھی شہ سرخیوں کی زینت بنی ہوئی ہے ‘ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایس این ٹی وی کی شراکت داری کے سبب دنیا کے 115 ممالک میں لیگ کے تمام میچوں کی جھلکیاں دیکھی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 7 عددلائسنس یافتہ کمپنیز کے تعاون سے لیگ کی براہ راست کوریج بھی دنیا بھر میں فراہم کی جارہی ہے‘ کرکٹ گیٹ وے، فلو اسپورٹس اور رابٹ ہول ایونٹ کی لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے گراؤنڈ میں ہونے والے ایکشن انٹرنیٹ صارفین تک پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ہیروز مہم کے تحت قومی ٹیلنٹ کو سراہنے کا سلسلہ جاری ہے جسے شائقین کرکٹ کی بھرپور پذیرائی مل رہی ہے جس کا آغاز لیجنڈری کھلاڑی جہانگیر خان کی جانب سے ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی کرنے کے بعد شروع ہوا‘اسی طرح اب تک میچ ڈیز پر ارسلان صدیقی (ای اسپورٹس ورلڈ چیمپئن)، محمد یوسف (سنوکر)، نسیم حمید (ایتھلیٹ)، ثمر خان (سائیکلسٹ)، ثمینہ بیگ (کوہ پیما)اورشاہ میر عامر (سائبر سیکورٹی اینالسٹ) کی ملک کے لیے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں لیگ کے میچوں کے دوران اعزاز سے نوازا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دارانہ ادارے کی حیثیت سے پاکستان کرکٹ بورڈ اس پلیٹ فارم کے ذریعے کینسر کے مرض سے آگاہی کی مہم میں بھی اپنا حصہ ڈال رہا ہے‘اس سلسلے میں22فروری کو بچوں کے سرطان سے آگاہی کا دن منایاگیا‘اس حوالے سے شہزر ریحان کو اپنے پسندیدہ کرکٹر شاہد آفریدی سے ملنے کا موقع ملا‘ اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈلیگ کے دوران مختلف مواقع پر حکومت پاکستان کی اینٹی ڈرگ مہم میں بھی اپنا حصہ زور و شور سے ڈال رہا ہے۔

ماضی میں دورہ پاکستان سے متعلق ہچکچاہٹ کا اظہار کرنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کی ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں شرکت بھی اس بات کی ضمانت ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے‘لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں شریک کھلاڑیوں، آفیشلزاور اسپورٹ اسٹاف نے تاحال پی سی بی کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے‘ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے ابتدائی سات میچوں میں شائقین کرکٹ کو اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملی۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی ملتان اور لاہور میں ٹکٹ کی فروخت کے حوالے سے مطمئن ہے اور یقین ہے کہ دونوں اسٹیڈیمز میں مجموعی طور پر شیڈول 11 میچوں میں شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیمز کا رخ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس عمل پر یقین رکھتا ہے کہ وہ کرکٹ کے فروغ اور پذیرائی کے لیے اپنا ہر ممکن حصہ ڈالے گا‘پی سی بی ملک کے کونے کونے میں کرکٹ کے کھیل کو پھیلانے کی پالیسی پر کاربند ہے۔