ٹی پی ایل ٹریکر کی لوکیشن بیسڈ سروسز کے لئے Eat Mubarak کے ساتھ شراکت داری

منگل 25 فروری 2020 20:45

ٹی پی ایل ٹریکر کی لوکیشن بیسڈ سروسز کے لئے Eat Mubarak کے ساتھ شراکت داری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) پاکستان کی معروف IoT کمپنی TPL Trakker نے مقامی فوڈ ڈلیوری سروس Eat Mubarak کے ساتھ اس کی ایپلی کیشن میں TPL Trakker کے کاروباری سیگمنٹ اور پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل میپنگ سروس TPL Maps کو شامل کرنے کیلئے شراکت داری کی ہے۔ اس شراکت داری کے تحت Eat Mubarak کو 400 سے زائد شہروں، 4.4 ملین جیو کوڈڈ پتہ جات، 2 ملین پوائنٹس آف انٹریسٹ (POIs) اور 5 لاکھ کلو میٹر سے زائد روڈ نیٹ ورک کے ساتھ سب سے بڑے مقامی لوکیشن بیسڈ ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی۔

اس کے علاوہ فوڈ ڈلیوریز فوری، موثر اور باقاعدہ ہو جائے گی اور پاکستان بھر میں اوسطاً 1500 یومیہ آرڈرز کو پورا کیا جا سکے گا۔ پاکستان میں اسٹارٹ اپس کی بڑی تعداد اپنے ڈیجیٹل اثاثہ جات کو جغرافیائی شکل دینے کے لئے TPL Maps کی لوکیشن بیسڈ سروس (LBS) APIs کی جانچ اور انتخاب کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

LBS کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل طور پر صف اول کے ادارے اپنی کارکردگی کو بہتر بنا رہے ہیں اور اپنے صارفین کو ریستوران، سیاحتی مقامات، ریٹیل اور دیگر اہم POIs کے لئے مناسب مقامات کی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

ملک میں معروف مقامی LBS فراہم کنندہ کی حیثیت سے TPL Maps آن ڈیمانڈ ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لئے تیار ہے جس سے ایک جدید، پیداواری اور عالمی سطح پر مسابقتی پاکستان تشکیل پائے گا۔ پاکستان میں کسی بھی دوسری میپنگ سروس کے مقابلہ میں POIs اور گھریلو پتہ جات کے اعداد و شمار کی سب سے زیادہ تعداد کے ساتھ TPL Maps کے APIs فوڈ ڈلیوری ایپلی کیشن کے لئے اہم کردار ادا کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ صارفین جب اور جہاں چاہیں اپنے کھانے کے حصول کیلئے درست وقت میں درست ریسٹورنٹ کے ساتھ منسلک ہوں۔

اس حوالے سے 12 فروری کو سینٹر پوائنٹ، TPL ہیڈ آفس کراچی میں دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر TPL کی جانب سے TPL Trakker کے سی ای او سرور علی خان اور Eat Mubarak کے شریک بانی اور سی ٹی او حیدر عباس دونوں اداروں کی انتظامی ٹیم ممبران کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرور علی خان نے کہا کہ ہم نے پاکستانی ٹیک کمپنیوں میں دھماکہ خیز ترقی کا مشاہدہ کیا ہے جو عام لوگوں کو آن ڈیمانڈ سروسز فراہم کر رہی ہیں۔

یہ خدمات مقامی اعداد و شمار اور خدمات پر بہت انحصار کرتی ہیں۔ ہم مارکیٹ کو توسیع دے رہے ہیں اور مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اپنی IoT اور LBS کے ذریعے جدت کی فراہمی کو جاری رکھیں گے۔ Eat Mubarak کے ساتھ ہمارا تعاون نہ صرف ہمارے لئے بلکہ پاکستان بھر کے لئے ایک دلچسپ اور نیا منصوبہ ہے کیونکہ دونوں مقامی کمپنیوں نے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی ترقی کے لئے شراکت داری کی ہے۔ حیدر عباس نے اس موقع پر کہا کہ ہم TPL Maps کے ساتھ شراکت داری اور Eat Mubarak موبائل ایپ کو مقامی نیوی گیشن ایپ کے ذریعے تقویت ملنے پر خوش ہیں۔ TPL Maps کے پیچھے کام کرنے والی ٹیم نے پاکستان کے ہر کونے کو نقشہ کا حصہ بنایا اور اس سے ہمارے بڑھتے ہوئے صارف بیس کی توقعات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔