27 فروری کو ہم نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہے

پاکستان کے عوام کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہماری بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

جمعرات 27 فروری 2020 14:57

27 فروری کو ہم نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ27 فروری کے حوالے سے آج کا دن تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جمعرات کو27 فروری کے حوالے سے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس دن ہماری بہادر فوج نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کر کے تاریخ رقم کی۔ 27 فروری کو ہم نے تمام دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

آئندہ بھی ہم دشمن کو کبھی اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیںگے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی طیارے کو گرا کر ہم نے دشمن کو بتا دیا کیہم اس سے بہتر دفاعی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دوران کشیدگی بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے ہم نے دنیا کو امن کا علمبردار ہونے کا پیغام دیا۔ آج بھارتی حکومت اپنے ہی لوگوں پر ظلم و ستم اور تشدد کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں اپنی فورسز پر فخر ہے جو وطن کے دفاع کے لئیے ہر دم تیار کھڑی ہیں۔

بھارتی حکومت کے کشمیر سمیت بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ظلم و ستم کو دیکھ کر قائد اعظم کے دوقومی نظریے کی اہمیت ثابت ہو گئی ہے۔ آج کے دن یہ بھی ثابت ہو گیا کہ پاک فوج جارحیت پسند نہیں بلکہ جارحیت مخالف ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری فوج دشمن کے ہر جارحانہ اقدام کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔پاکستان کے عوام بھی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہماری بہادر فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔