جی ٹی روڈ کے اطراف اور میڈین میں پودے لگانے ، صفائی ستھرائی کے انتظامات کلین اینڈ گرین مہم پنجاب کے تحت مکمل کیے جا رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر جہلم

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 27 فروری 2020 17:45

جی ٹی روڈ کے اطراف اور میڈین میں پودے لگانے ، صفائی ستھرائی کے انتظامات ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 فروری2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ کے اطراف اور میڈین میں پودے لگانے ، صفائی ستھرائی کے انتظامات کلین اینڈ گرین مہم پنجاب کے تحت مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ٹی روڈ جادہ چوک میں پودا لگاتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم ذوالفقار احمد اور دیگر افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سیف انور جپہ نے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں جادہ چوک تا راٹھیاں تک پودے لگائے جا رہے ہیں، مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے تمام تحصیلوں میں کلین اینڈ گرین پنجاب کے تحت پودے لگانے اور صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ پر لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ اندروں شہر سمیت، شہر کے داخلی راستوں کو خوبصورت بنانے کے لئے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ جہلم فلڈ بند پر بھی رواں سال 10 ہزار سے زائد پودے لگائیں گے جن کی دیکھ بھال محکمہ جنگلات جہلم کرے گا۔ڈی سی نے بتایا ہے کہ جادہ اینٹری پوائینٹ پر شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے اڑھیال کا مونومنٹ بھی لگایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :