پی ایس ایل 5، ملتان سلطانز کے سپن باولرز کے آگے کراچی کنگز بےبس

عمران طاہر کی تین وکٹیں،آفریدی کے دو شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 فروری 2020 18:34

پی ایس ایل 5، ملتان سلطانز کے سپن باولرز کے آگے کراچی کنگز بےبس
ملتان(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے دسویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو52 رنز سے شکست دیدی۔187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا، کراچی کو پہلا نقصان شرجیل خان کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ معین علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ایلکس ہیلز شاہد آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ان کا کیچ شان مسعود نے لیا۔ انہوں نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 29 رنز بنائے۔ کیمرون ڈیلپورٹ آٹھ رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔بابر اعظم بھی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھر سکے۔ وہ محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے،کپتان عماد وسیم بھی ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر چلتے بنے جبکہ چیڈوک والٹن کی اننگز بھی 15رنز تک محدود رہی،کرس جورڈن بھی 7 رنز بنا کر عمران طاہرکا تیسرا شکار بنے گئے،افتخار احمد13 رنز بنا کر الیاس کے ہاتھوں پوویلین لوٹے، عمید آصف 2 چھکوں کی مدد سے20 رنز بنا کر سہیل تنویر کا شکار بنے،اس کے بعد کراچی کنگز زیادہ دیر تک ملتان سلطانز کی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکی اور پوری ٹیم 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

(جاری ہے)

کراچی کنگز کو میچ میں 52رنز سے شکست دے کر ملتان سلطانز نے پوائنٹس ٹیبل پر دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ سلطانز کی طرف سے عمران طاہر نے تین جبکہ سہیل تنویر اور شاہد آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔۔ اس سے قبل کراچی کنگز کی دعوت پر ملتان سلطانز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدا میں محمد عامر کے خلاف معین علی مشکلات سے دوچار نظر آئے لیکن دوسرے اینڈ سے ذیاشان اشرف نے جارحانہ انداز اپنایا۔

ذیشان نے عمید آصف کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور ان کی جارحانہ بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے عماد وسیم باؤلنگ کے لیے افتخار احمد کو لائے اور ان کی پہلی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 23رنز بنائے۔اس کے بعد معین علی کا ساتھ دینے شان مسعود آئے، معین علی نے ابتدا میں مدافعانہ بیٹنگ کے بعد جارحانہ انداز اپنایا اور نصف سنچری سکور کی ،دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 71رنز کی شراکت قائم کی جس میں شان مسعود کا حصہ صرف 11رنز کا رہا۔

معین علی 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 65رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے،رلی روسو کا وکٹ پر قیام پر انتہائی مختصر رہا اور وہ صرف 8رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔شان مسعود نے ابتدا میں محتاط انداز اپنانے کے بعد جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کر لی،شان مسعود42 گیندوں پر61 رنز بنا کر جورڈن کی گیند پر بولڈ ہوئے،روی بوپارہ بھی ایک چھکا مارنے کے بعد محمد عامر کی دوسری وکٹ بن گئے جبکہ خوشدل شاہ بھی کوئی بڑا شاٹ کھیلنے میں ناکام رہے۔

اختتامی اوورز میں ملتان سلطانز کی ٹیم زیادہ تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 6وکتوں کے نقصان پر 186رنز بنائے۔کراچی کنگز کی طرف سے محمد عامر اور کرس جورڈن نے دو، دو وکٹیں حاصل کی۔ اس سے قبل ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے 10ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ کوشش کریںگے کہ زیادہ سےزیادہ اسکورکر کے ہدف کا دفاع کر سکیں۔میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے ایک ایک تبدیلی کی ہے جہاں ملتان سلطانز نے جیمز ونس کی جگہ روی بوپارہ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے جبکہ کراچی کنگز نے ارشد اقبال کی جگہ عمر خان کو موقع دیا ہے۔