سعودی عرب میں کرونا وائرس پھیلنے کی خبروں کی وضاحت جاری کردی گئی

ملک میں ابھی تک جان لیوا کرونا وائرس کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے، سعودی میڈیا کا دعویٰ

Ahmad Tariq احمد طارق اتوار 1 مارچ 2020 19:25

سعودی عرب میں کرونا وائرس پھیلنے کی خبروں کی وضاحت جاری کردی گئی
ریاض (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مارچ 2020ء) سعودی عرب میں ابھی تک کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب میں ابھی تک جان لیوا کرونا وائرس کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکومت ملک میں کرونا وائرس کو داخل ہونے سے روکنے کیلئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں چل رہیں تھی کہ شاید سعودی عرب میں بھی کرونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم اب سعودی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ملک میں جان لیوا وائرس کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ دوسری جانب چین میں کرونا وائرس سے مزید 35 نئی ہلاکتوں کے بعد اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 870 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ووہان شہر میں نومولود کرونا وائرس میں مبتلا ہو گیا، اس سے قبل بچے کی ماں کرونا وائرس کا شکار ہو گئی تھی۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں کرونا وائرس کے مزید 573 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 79 ہزار 824 ہوگئی ہے۔ چین میں وائرس سے متاثرہ متعدد افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ رہے ہیں اور اب صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد مریضوں کے مقابلے میں زیادہ ہو گئی ہے۔

اس وقت چین کے اسپتالوں میں 35 ہزار 329 مریضوں کا علاج جاری ہے جبکہ صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج ہونے والوں کی تعداد 41 ہزار 625 ہو گئی ہے۔ چین کے علاوہ دنیا کے بیشتر ملک ایک کے بعد ایک کرونا وائرس کا شکار ہونے لگے ہیں، گزشتہ 9 دنوں میں 33 ملکوں میں کرونا وائرس کے پہلے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔ چین سمیت دنیا بھر میں وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہزار 976 ہوگئی ہے جبکہ چین کے علاوہ دیگر ملکوں میں اموات کی تعداد 106 ہے۔

چین کے علاوہ دنیا کے دیگر ملکوں میں اس وقت کرونا وائرس کے 6 ہزار 676 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد چین سمیت دنیا بھر میں کیسز کی مجموعی تعداد 86 ہزار 500 ہوگئی ہے۔ امریکا اور آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ ایکواڈور میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، فرانس میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی۔ جبکہ سعودی عرب میں ابھی تک جان لیوا کرونا وائرس کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔