شہر کی صفائی و خوبصورتی اولین ترجیح ہے، ضلعی انتظامیہ کلین و گرین مہم کو کامیابی سے چلا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد

منگل 3 مارچ 2020 21:25

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2020ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبا د محمد مغیث ثناء الله نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد شہر کی صفائی و خوبصورتی اولین ترجیح ہے، شہریوں کے ساتھ ملکر ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد میں کلین و گرین مہم کو کامیابی سے چلا رہی ہے۔ وہ منگل کو شہری اتحاد ایبٹ آباد کے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔

وفد میں محمد فرقان خان، معین قریشی ایڈووکیٹ، شفیق احمد اور شہنازالرحمن قریشی شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے کہا کہ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ڈی ایچ کیو ہسپتال کو مکمل طور پر فعال اور عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کام کا آغاز کر دیا ہے جس کی بھر پور نگرانی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہراہ ریشم کی بلیک ٹاپ اور کشادگی پر بھی عنقریب کام شروع کر دیا جائے گا، وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کو بھی عوامی ضروریات کے مطابق بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ٹی ایم اے کی طرف صفائی مہم کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو بھی شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ شہری اتحاد نے ڈپٹی کمشنر کو شہر کی خوبصورتی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہری اتحاد ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادار کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :