حکومت کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کئی محاذوں پر کام کر رہی ہے،

ملک کے تمام داخلی راستوں پر سکریننگ کا موثر نظام متعارف کرایا گیا ہے، ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کئے گئے ہیں، عوام پریشان ہونے کی بجائے احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت نوشین حامد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 4 مارچ 2020 23:19

حکومت کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کئی محاذوں پر کام کر رہی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2020ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت نوشین حامد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کئی محاذوں پر ایک ساتھ کام کر رہی ہے، ملک کے تمام داخلی راستوں پر سکریننگ کا موثر نظام متعارف کرایا گیا ہے اور تمام بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کئے گئے ہیں۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں وائرس کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، متاثرہ ممالک سے آنے والے وہ مسافر جن میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں ان کا ڈیٹا لیا جاتا ہے اور حکومت 14 روز تک مسلسل ان کے ساتھ رابطے میں رہتی ہے تاکہ اگر بعد میں ان میں علامات ظاہر ہوں تو انہیں طبی امداد دی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں میں مشتبہ افراد کے نمونے لئے جاتے ہیں اور کلیئرنس تک انہیں زیر نگرانی رکھا جاتا ہے۔ نوشین حامد نے کہا کہ ملک کے تمام بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کئے گئے ہیں اور وائرس سے نمٹنے کیلئے عملے کو تربیت دی جا رہی ہے، اس کے علاوہ عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تمام ہسپتالوں میں انہیں خاص قسم کا لباس مہیا کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیبارٹریز کوکٹس بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وائرس کی بروقت تشخیص ہو سکے۔ نوشین حامد نے کہا کہ ایران سے زائرین بڑی تعداد میں واپس آ رہے ہیں جس کی وجہ سے سر حدی علاقوں میں موئثر حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں، پاکستان ہائوس میں زائرین کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں جس کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پریشان ہونے کی بجائے احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ، حکومت کی طرف سے بھی عوام کو احتیاطی تداابیر اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔