بے نامی اکاؤنٹس کیس میں کسی کو سزا نہیں ملے گی: عارف حمید بھٹی

کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں ،سابق صدر آصف زرداری پر بے نامی اکاؤنٹس کیس ہیں،اس کیس کی فائل میں نے آٹھ سے نو سال پہلے دیکھی تھی: سینئر صحافی کا دعویٰ

Usama Ch اسامہ چوہدری بدھ 4 مارچ 2020 22:55

بے نامی اکاؤنٹس کیس میں کسی کو سزا نہیں ملے گی: عارف حمید بھٹی
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 4 مارچ 2020) : ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ بے نامی اکاؤنٹس کیس میں کسی کو سزا نہیں ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، سابق صدر آصف زرداری پر بے نامی اکاؤنٹس کیس ہیں،اس کیس کی فائل میں نے آٹھ سے نو سال پہلے دیکھی تھی۔

(جاری ہے)

انکا کہنا ہے کہ یوروکریسی کی بدولت اربوں روپے مالیت کے کیس میں کسی ایک بھی بڑے انسان کو سزا نہیں ہو گی، چند بیوروکریٹس اور سیاستدان ڈاکو اور لٹیرے ہیں جو کبھی عمران خان کی کشتی میں ہوتے ہیں، کبھی نواز شریف کی اور کبھی آصف زرداری کی کشتی پر سوار ہوتے ہیں۔

بات کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ ایک اہم ترین شخصیت کہتی ہے کہ ایک بیوروکریٹ کام نہیں کرنے دے رہا اور بیوروکریٹ کا کہنا ہے کہ سیاسی شخصیت مجھے کام نہیں کرنے دے رہی اور میرے اختیارات مجھ سے لے لیے گئے ہیں۔ موجودہ حکومت میں سابقہ حکومتوں کے بیوروکریٹس تعینات ہیں اور وہ ان کے خلا ف کارروائی نہیں کریں گے ۔ واضع رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بے نامی اکاؤنٹس کا کیس چل رہا ہے اور وہ اس وقت اپنے ان کیسوں کی پیروی کر رہے ہیں۔