آئی ایم ایف نے کرونا وائرس کے پیش نظر بلا سود فنڈز دینے کا اعلان کردیا

کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کو بلا سود فنڈز دیے جائینگے: بین الااقوامی مالیاتی ادارے کے ایم ڈی کا بیان

Usama Ch اسامہ چوہدری بدھ 4 مارچ 2020 23:05

آئی ایم ایف نے کرونا وائرس کے پیش نظر بلا سود فنڈز دینے کا اعلان کردیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 4 مارچ 2020) : آئی ایم ایف نے کرونا وائرس کے پیش نظر بلا سود فنڈز دینے کا اعلان کردیا، تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے بلا سود فنڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کو بلا سود فنڈز دیے جائینگے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے دنیا میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے دستیاب تمام وسائل استعمال میںلانے کا عزم کیا ہے ،آئی ایم ایف کی گورننگ باڈی کا غیر معمولی اجلاس طلب کئے جانے کے بعد بین الا قوامی مالیاتی فنڈ کے 189ارکان نے کہا کہ ہم مہلک وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے متحد ہیں اور با لخصوص انتہائی کمزور افراد اور پسماندہ ممالک کی مدد کے لئے ہر ممکن ضروری امداد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سعودی عرب کی حکومت نے اپنے شہریوں کیلئے بھی عمرہ ادا کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سعودی خبر رساں اداروں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کیس رپورٹ ہونے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں سعودی شہریوں کو عارضی طور عمرے کی ادائیگی سے روک دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ عارضی ہے اور صورتحال بہتر ہوتے ہی یہ پابندی ہٹا دی جائے گی۔

اس سے قبل سعودی حکومت پاکستانی اور دیگر کچھ ممالک کے شہریوں پر بھی یہ پابندی عائد کر چکی ہے۔ سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کیلئے کرونا وائرس کے پیش نظر عمرہ ادائیگی پر عائد کی گئی پابندی میں31مارچ تک توسیع کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد سعودی ائیرلائن نے کراچی ، لاہور ،اسلام آباد سمیت ملک کے تمام ائیرپورٹ کے اسٹیشن مینجرز کو آگاہ کر دیا ہے کہ 31 مارچ تک عمرہ زائرین کی تمام ٹکٹیں منسوخ کر دی جائیں۔

مسافروں کی منسوخ شدہ ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کے لیے سعودی ائیرلائن سیلز سپورٹ سینٹر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ملک کے تمام ائیرپورٹس سے سعودی ائیر لائن سے عمرہ زائرین سفر نہیں کر سکیں گئے۔ جبکہ اقامہ ہولڈر اور بزنس اور فیملی وزٹ ویزے کے حامل مسافر سفر کرنے کے اہل ہوں گے ۔