دبئی کا سفر کریں صرف 338 روپے میں، غیر ملکی ائیرلائن کی ناقابل یقین پیش کش

ترک میں فضائی آپریشن شروع کرنے والی نئی ائیرلائن انادولو نے دنیا کے کئی شہروں کیلئے رعایتی کرایوں کا اعلان کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 4 مارچ 2020 23:55

دبئی کا سفر کریں صرف 338 روپے میں، غیر ملکی ائیرلائن کی ناقابل یقین پیش ..
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ2020ء) دبئی کا سفر کریں صرف 338 روپے میں، غیر ملکی ائیرلائن کی ناقابل یقین پیش کش، ترک میں فضائی آپریشن شروع کرنے والی نئی ائیرلائن انادولو نے دنیا کے کئی شہروں کیلئے رعایتی کرایوں کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ترکی میں انادولو نامی ایک نئی ترک ائیرلائن نے حال ہی میں آپریشنز کا آغاز کیا ہے۔

مارکیٹ میں قدم رکھنے کے بعد ائیر انادولو کی جانب سے فضائی سفر کے کرایوں کے اعلان نے ہر طرف دھوم ہی مچا دی۔ ائیر انادولو نے دنیا کے کئی شہروں کیلئے سفری کرایہ محض چند روپے رکھا ہے۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ فضائی سفر کے شوقین افراد اب صرف ایک ڈالر یعنی 154 پاکستانی روپے میں فضائی ٹکٹ بک کروا سکتے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے دبئی، بغداد ، اربیل، اکو، بارسلونا، فرینکفرٹ، برلن، پیرس، میلان، ماسکو، روم، لندن سمیت سعودی عرب ،آذربائیجان، یو اے ای، بحرین، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کے شہروں کے سفر کیلئے رعایتی کرایہ نامہ متعارف کروایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے ائیرلائن ابتدائی طور پر اپنی پروازوں کا آغاز استنبول اور انقرہ کے شہروں سے کرے گی۔ اگر کوئی شخص دبئی تک کا سفر کرنا چاہتا ہے تو وہ صرف 338 روپے جبکہ لندن کے سفر کیلئے ٹکٹ صرف 196 روپے میں حاصل کر سکتا ہے۔ جبکہ اگر کوئی شخص ترکی سے بغداد تک کا سفر کرنا چاہتا ہے تو صرف 154 روپے میں اور سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض تک کے سفر کیلئے 503 روپے میں ٹکٹ بک کروایا جا سکتا ہے۔

یوں دنیا کے دیگر شہروں کیلئے بھی محض چند روپے میں ٹکٹ بک کروایا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے ائیرلائن حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ کمپنی ابھی سروس کا آغاز کر رہی ہے، اس لیے ابتداء میں ان پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، اسی لیے کمپنی نے یہ ریلیف اپنے مسافروں کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمپنی حکام کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کیلئے سستے ٹکٹس کے حصول کیلئے کچھ شرائط بھی عائد کی گئی ہیں۔ ایک مسافر اگر کوئی ٹکٹ بک کرواتا ہے تو اسے کینسل نہیں کر سکتا، جبکہ دوبارہ رعایتی ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے اس پر لازم ہوگا کہ بک کروائے گئے ٹکٹ پر سفر ضرور کرے۔