کرونا وائرس کا خدشہ، ایران سے آنے والے 110 زائرین تاحال ٹریس نہ ہو سکے

497 زائرین کو اب بھی ان کےگھروں میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جب کہ 2245 مکمل ٹریس ہوئے اور باقی 110ٹریس ہونے ہیں، ٹریس نہ ہونے والوں میں 109 کا تعلق کراچی اور ایک کابدین سے ہے

Usama Ch اسامہ چوہدری جمعہ 6 مارچ 2020 00:39

کرونا وائرس کا خدشہ، ایران سے آنے والے 110 زائرین تاحال ٹریس نہ ہو سکے
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 5 مارچ 2020) : کرونا وائرس کا خدشہ، ایران سے آنے والے 110 زائرین تاحال ٹریس نہ ہو سکے، 497 زائرین کو اب بھی ان کےگھروں میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جب کہ 2245 مکمل ٹریس ہوئے اور باقی 110ٹریس ہونے ہیں، ٹریس نہ ہونے والوں میں 109 کا تعلق کراچی اور ایک کابدین سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں کرونا وائرس پرٹاس فورس کا اجلاس ہوا۔

اس اجلاس میں کورکمانڈر کراچی، آئی جی سندھ اور کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔ اجلاس میں وضاحت دی گئی کہ ایران سے کل زائرین 2355 ہیں جن میں سے گزشتہ 14دن میں 1748واپس آئے تھے۔ بتایا گیا کہ 497زائرین کو اب بھی ان کےگھروں میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جب کہ 2245 مکمل ٹریس ہوئے اور باقی 110ٹریس ہونے ہیں، ٹریس نہ ہونے والوں میں 109 کا تعلق کراچی اور ایک کابدین سے ہے۔

(جاری ہے)

واضع رہے کہ : کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آ گیا تھا، بتایا گیا تھا کہ سندھ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین ہو گئی تھی۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ ہاؤس نے بیان جاری کیا ہے کہ کراچی مین کرونا وائرس کا ایک نیا مریض سامنے آیا ہے۔ بتایا گیا تھا کہ مریض کی عمر 69 سال ہے، نئے مریض کا تعلق کراچی کے ضلع شرقی سے ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مریض کے ساتھ رہنے والے افراد کو ٹریس کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس حوالےسے محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ مذکورہ مریض کے ساتھ رہنے والے افراد کے بھی ٹیسٹ کیے جائینگے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی میں کرونا وائرس کے دو مریض سامنے آئے تھے جن کے بارے میں بتایا جا رہا تھا کہ اسکی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ ڈاکٹرظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے وفاق‘ صوبے اور تمام ادارے مکمل تیار ہیں‘ تمام زمینی راستوں اور ہوائی اڈوں پر سکریننگ کی جارہی ہے‘ سب کو ملکر عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا‘ اب تک 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد مسافروں کی سکریننگ کی گئی ہے‘ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

جمعرات کو ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت ایمرجنسی کور گروپ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ ‘ ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ ‘ پاک فوج کے نمائندے اور دیگر ماہرین شامل تھے۔اجلاس میں موجود صورتحال میں ملک میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے وفاق ‘صوبے اور تمام ادارے مکمل تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ تمام زمینی راستوں اور ہوائی اڈوں پر سکریننگ کی جارہی ہے ‘ گزشتہ روز 21 ہزار 360 مسافروں کی سکریننگ کی گئی جبکہ اب تک 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد مسافروں کی سکریننگ ہوئی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، اس حوالے سے ہسپتالوں میں علیحدہ کمرے مختص کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ملک میں صرف 5کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔اس موقع پر وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا کہ ہر کسی کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ‘چند لوگوں کو ماسک پہننا چاہیے جن میں کورونا وائرس کی بیماری کے شکار افراد اور ڈاکٹرز اور صحت کا عملہ جو کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کر رہا ہو یا سخت کھانسی یا نزلہ زکام کے شکار افراد کو ماسک پہننا چاہئے۔ اب ایک خبر سامنے آئی ہے کہ کراچی میں کرونا وائرس کا تیسرا مریض سامنے آ گیا ہے۔