کپاس کوسفیدمکھی سے محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات جاری ہیں، محکمہ زراعت

پیر 9 مارچ 2020 23:05

ملتان ۔09مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2020ء) سفید مکھی کی آف سیزن مینجمنٹ کے بارے میں مہم شروع کردی گئی ہے جس کے ذریعے بہاریہ فصلوںسے سفید مکھی کا تدارک یقینی بنایا جارہا ہے۔ کیونکہ سفید مکھی کپاس کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو سارا سال متحرک رہتا ہے۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق سفید مکھی کپاس کے علاوہ میزبان پودوں تمباکو، سورج مکھی، بینگن، بھنڈی توری، خربوزہ، تربوز، مرچ، ٹماٹر، آلو، حلوہ کدہ، تر، کریلا، ٹینڈا، کھیرا اور جڑی بوٹیوں میں اًک، چبڑ، لہلی، ہزار دانی، رتن جوت، مکو، کرنڈ اورگارڈینیا پر پرورش پاتی ہے۔

کاشتکار بہاریہ فصلوں پر سفید مکھی کا تدارک یقینی بنائیں تاکہ کپاس کی آئندہ فصل سفیدمکھی کے حملہ سے محفوظ رہ سکے۔

(جاری ہے)

بہاریہ فصلوں اور سبزیات کی باقیات کو برداشت کے بعد فوراً تلف کریں اور خالی کھیتوں میں روٹا ویٹر چلادیں۔ جن کھیتوں میں کپاس کاشت کرنا مقصود ہو، ان کے قریب بھنڈی توری اور بینگن کاشت نہ کریں۔ کھیتوں اور کھالوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں اور باغات میں کپاس نہ لگائیں۔ بہاریہ فصلوں پر سفید مکھی کے کیمیائی تدارک کیلئے محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے ایسی زہریں استعمال کریں جو سفید مکھی کے تدارک کیلئے موثر اور مفید کیڑوں کیلئے محفوظ ہوں۔

متعلقہ عنوان :