ماہرین کی کھجور کے باغبانوں کو زر پاشی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت

منگل 10 مارچ 2020 15:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2020ء) کھجور کے باغبانوں کو زر پاشی کے عمل پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ رواں ماہ مارچ کے دوران کھجور کے کاشتکار و باغبان زر پاشی کی جانب خصوصی توجہ دیں کیونکہ کھجور کے پودے پر نر پھول پہلے لگتے ہیں اسلئے انہیں چاہیے کہ وہ پودے کے نر پھول اکٹھے کرکے دھوپ میں اچھی طرح خشک کرلیں اور جب نر پھول اچھی طرح خشک ہو جائیں توانہیں شیشے کے جار میں محفوظ کرنے کے بعد کھجور کی زر پاشی کیلئے استعمال کیاجائے ۔

(جاری ہے)

ماہرین زراعت نے کاشتکاروں و باغبانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ زرپاشی سے قبل باغبان زردانوں کو بھی اچھی طرح خشک کرلیں کیونکہ اگر انہیں مکمل طور پر خشک نہ کیاجائے تو نمی رہ جانے کے باعث وہ ناقابل استعمال ہو جاتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ نر کھجور سے حاصل شدہ زردانوں میں ایک حصہ نر زردانے اور2حصے آٹاملا لیاجائے تو ایک نر کھجور سے 40سی50 تک مادہ کھجوروں کی زرپاشی کی جا سکتی ہے جس سے کھجور کی شاندار فصل کا حصول بھی یقینی ہو جاتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار وباغبان اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے عملہ سے بھی مشاورت کرسکتے ہیں۔