قومی اسمبلی میں زرعی معیشت کی صورتحال پر بحث کا آغاز کردیا گیا،بحث 9 گھنٹے تک جاری رہے گی

بدھ 11 مارچ 2020 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2020ء) قومی اسمبلی میں زرعی معیشت کی صورتحال پر بحث کا آغاز کردیا گیا،بحث 9 گھنٹے تک جاری رہے گی ۔ بدھ کو ملک کی مجموعی زرعی معیشت پر بحث کرانے کیلئے تحریک وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پہلی بار زرعی معیشت پر تفصیلی بحث کرنے جا رہے ہیں،امید ہے ارکان سے بحث میں دلچسپی لیں گے۔

مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہاکہ ایوان میں وزرا موجود نہیں آپ بحث کرا رہے ہیں۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے فخر امام نے کہاکہ زراعت کا جی ڈی پی میں 38فیصد حصہ ہے،زرعی پیداوار کم ہوتی جارہی ہے ۔ اجلاس کے دور ان مرتضیٰ جاوید عباسی نے کورم پوائنٹ آوٹ کرنے کی دھمکی دیدی ۔ مرتضیٰ نے کہاکہ جب وزرا موجود ہوں گے تو ہی زراعت پر بحث کا فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت علی محمد خان نے کہاکہ توجہ دلاونوٹس لے لیں بعد میں زراعت پر بحث کرالیں۔

اسپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ قومی اسمبلی میں زرعی معیشت پر 9 گھنٹے بحث ہر صورت ہوگی‘ یہ انتہائی حساس اور اہم معاملہ ہے‘ آئندہ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا انحصار معیشت پر ہے اس لئے اس معاملے پر سیر حاصل بحث ہوگی۔بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔