جننگ فیکٹریاں کچرے وجننگ ویسٹ کو 31مارچ تک ہر صورت تلف کر دیں، محکمہ زراعت کی ہدایت

جمعہ 13 مارچ 2020 14:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2020ء) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ جننگ ویسٹ کپاس کی سنڈیوں اور دوسرے ضرر رساں کیڑوں کیلئے پناہ گاہ ثابت ہوتا ہے لہٰذا جننگ فیکٹریاں کچرے وجننگ ویسٹ کو 31مارچ تک ہر صورت تلف کر دیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور بعد ازاں کوئی عذر قا بل قبول نہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے اے پی پی کو بتایاکہ محکمہ زراعت کے افسران جننگ فیکٹریوں کے مالکان سے رابطہ کرکے کچرے وجننگ ویسٹ کی تلفی کو یقینی بنا رہے ہیں تاہم یہ فیکٹری مالکان کا بھی فرض ہے کہ وہ زرعی ترقی اور معاشی استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوںنے کہا کہ جننگ فیکٹریوں کے کچرے کی تلفی کا مقصد کپاس کی آئندہ فصل کو کیڑوں اور سنڈیوں سے محفوظ بنانا ہے ۔انہوںنے کہا کہ اگر کپاس کی فصل کیڑ ے مکوڑوں اور بیماریوں کے حملے سے محفوظ رہے گی تو کاشتکار اچھی فصل حاصل کر سکیں گے جس کا فائدہ تمام سٹیک ہولڈرز کو بھی ہو گا۔