پنجاب بھر میں زرعی اراضی کو سیراب کرنے کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

ہفتہ 14 مارچ 2020 19:09

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2020ء) راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی اور زرعی اراضی کو سیراب کرنے کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ۔راولپنڈی کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے 6ارب روپے کی لاگت سے ددھوچہ ڈیم بنایاجائے گاجبکہ 1ارب 56کروڑ روپے کی لاگت سے چہان ڈیم مکمل ہوگا۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی جلد تکمیل و موثر مانیٹرنگ کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سخت ہدایات جاری کی ہیں ۔

پنجاب حکومت کے ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ راولپنڈی میں مہوٹہ موھڑہ ڈیم سے 4500ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جائے گاجبکہ 5ارب30کروڑ روپے کی لاگت سے چک بیلی خان کے قریب پپین ڈیم15ہزار ایکڑ اراضی کو سیراب کرے گا۔

(جاری ہے)

چکوال میں میراہ شیرا ڈیم4ہزار ایکڑ اراضی سیراب کرے گا جس پر68کروڑروپے لاگت آئے گی۔ جہلم میں95کرروڑ روپے کی لاگت سے پنڈوری ڈیم سے 1500ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔

اسی طرح سوراہ ڈیم پر 91کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اٹک میں تاجا بارا ڈیم20کروڑ روپے کی لاگت سے بنے گااور 300ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔سڈریال ڈیم سے 825ایکڑ اراضی سیراب ہوگی،ساڑھی10کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ تلہ گنگ میں تمان ڈیم ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔گھبر ڈیم پر 5ارب 65کروڑ روپے سے بنے گا۔ چکوال میں دھرابی ڈیم کا منصوبہ مکمل ہونے سے 6400ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔ 34کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے دھرابی ڈیم سے پینے کیلئے صاف پانی بھی مہیا ہوگا۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ چھوٹے آبی ذخائر کے پراجیکٹ جلد مکمل کیے جائیں۔