سلطانز، زلمی، کنگز اور قلندرز کے مابین ایچ بی ایل پی ایس ایل2020 کے فائنل میں رسائی کی جنگ

ڈبل راوٴنڈ رابن کی بنیاد پر کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے گروپ مرحلے کے اختتام کے بعد اب ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے کا آغازہوگا

پیر 16 مارچ 2020 20:47

سلطانز، زلمی، کنگز اور قلندرز کے مابین ایچ بی ایل پی ایس ایل2020 کے فائنل ..
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 16 مارچ 2020ء) ڈبل راوٴنڈ رابن کی بنیاد پر کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے گروپ مرحلے کے اختتام کے بعد اب ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے کا آغازہوگا۔ 17 مارچ بروز منگل سے شروع ہونے والے مرحلے میں ایونٹ کی چار بہترین ٹیموں کے مابین چمچماتی ٹرافی کے حصول کی جنگ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لڑی جائے گی۔
گذشتہ 4 سال سے جاری لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں نیسیمی فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ دونوں ٹیموں کی پہلی مرتبہ ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں رسائی ہے۔
ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی جبکہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں دوسرے سیمی فائنل میں آمنے سامنے آئیں گی۔

(جاری ہے)


اس سے قبل ایونٹ کے گذشتہ 4 ایڈیشنز میں زلمی، گلیڈی ایٹرز اور یونائیٹڈ کی ٹیمیں ہی ایونٹ کے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرتی رہی ہیں۔


ایونٹ کا فائنل 18 مارچ بروز بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پہلا سیمی فائنل: ملتان سلطانز بمقابلہ پشاور زلمی
ایونٹ کے 10 گروپ میچوں میں سے 6 میں کامیابی حاصل کرنے والی ملتان سلطانز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر رہی۔ ملتان سلطانز کی ٹیم نے سب سے پہلے ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
دوسری جانب پشاور زلمی کی ٹیم نے گروپ مرحلے میں 4 کامیابیوں کے ساتھ بہتر رن ریٹ کے باعث ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔


شان مسعود، کپتان ملتان سلطانز:
ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے بہترین ٹیم کی حیثیت سے سیمی فائنلسٹ بننا اعزاز کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کی ٹیم ایک مضبوط حریف ہے اور ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل سنسنی خیز ہوگا۔
شان مسعود نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایونٹ کے ناک آوٴٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرنا ٹیم کی کامیابی ہے۔

وہ پرامید ہیں کہ کھلاڑی منگل کو بہترین کھیل پیش کرکے فائنل میں جگہ بنائیں گے۔
وہاب ریاض، کپتان پشاور زلمی:
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانا بحیثیت کپتان ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کی ٹیم ناک آوٴٹ مرحلے میں ایڈیشن 2017 کی کارکردگی دہرا کر ٹرافی اٹھانے کی کوشش کرے گی۔


وہاب ریاض نے کہا کہ وہ اس بات سے انکاری نہیں کہ ایونٹ کا سیمی فائنل بڑا میچ ہے اور اس کا دباوٴ بھی ہوگا تاہم انہیں یقین ہے کہ اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی میچ ونر ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ایونٹ کی تمام سیمی فائنلسٹ ٹیمیں بہترین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی نے گذشتہ میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف بہتر باوٴلنگ کا مظاہرہ کیا تھا، انہیں یقین ہے کہ زلمی سیمی فائنل میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کرے گی۔


دوسرا سیمی فائنل، کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز:
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 2 روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔
ایونٹ کے گروپ مرحلے میں بھی دونوں ٹیموں کا ایک دوسرے پر پلڑا بھاری رہا ہے۔ گروپ مرحلے کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے اور دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کامیابی اپنے نام کی۔


دونوں ٹیموں نے گروپ مرحلے کے 10 میں سے 5،5 میچز جیت کر ایونٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز کی ٹیم ایونٹ کی دوسری اور لاہور قلندرز کی ٹیم تیسری پوزیشن پر رہی۔
سہیل اختر، کپتان لاہور قلندرز:
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ وہ گروپ مرحلے میں اپنی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر خوش ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ناک آوٴٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


سہیل اختر نے واضح کیا ہے کہ لاہور قلندرز پر کراچی کنگز کے خلاف سیمی فائنل کا کوئی اضافی دباوٴ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی طاقت باوٴلنگ ہے، جس سے سیمی فائنل میں بہترین کارکردگی کی امید ہے۔
عماد وسیم، کپتان کراچی کنگز:
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ بلاشبہ لاہور قلندرز ایک مضبوط ٹیم ہے مگر انہوں نے سیمی فائنل میں کامیابی کے لیے ایک خاص منصوبہ بندی کررہی ہے جو ٹیم کی کامیابی کی ضمانت بنے گی۔


عماد وسیم پرامید ہیں کہ کراچی کنگز کے پاس بہترین بلے باز اور باولرز موجود ہیں جنہوں نے ایونٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ ٹیم کو سیمی فائنل میں بھی فتح دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لاہور قلندرز کے خلاف سیمی فائنل میں ٹیم کی قیادت کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
شیڈول:
17 مارچ:
پہلا سیمی فائنل :ملتان سلطانز بمقابلہ پشاور زلمی، بوقت دوپہر 2 بجے بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور
دوسرا سیمی فائنل :کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز،بوقت شام 7 بجے بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور
18 مارچ: فائنل بوقت شام 7 بجے بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور