دُبئی: معروف تعمیراتی گروپ اور تجارتی کمپنی نے بڑا اعلان کر دیا

میراث اور دُبئی ہولڈنگ کی جانب سے ریٹیل اور مقامی کلائنٹس کو ایک ارب درہم کا خصوصی پیکیج دیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 17 مارچ 2020 17:28

دُبئی: معروف تعمیراتی گروپ اور تجارتی کمپنی نے بڑا اعلان کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مارچ 2020ء) دُبئی کے معروف تعمیراتی گروپ میراث اور عالمی سرمایہ کار کمپنی دُبئی ہولڈنگ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ریٹیل اور مقامی کلائنٹس کو ایک خصوصی پیکیج کے ذریعے 1 ارب درہم کی مالی مدد فراہم کریں گے۔ یہ ریلیف پیکیج دُبئی ہولڈنگ اور میراث ایکو سسٹم کے ساتھ منسلک کمپنیوں اور افراد کی مدد کے لیے دیا جا رہا ہے تاکہ کورونا وائرس کے باعث خراب معاشی صورت حال کا نشانہ بننے والوں کی مدد ہو سکے۔

دُبئی ہولڈنگ اور میراث کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید المکتوم نے اس حوالے سے بتایا کہ ہم نے دُبئی ہولڈنگ اور میراث کی انتظامیہ کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ان کمپنیوں اور افراد کی مالی معاونت کریں جو کرونا وائرس کے باعث معاشی طور پر بُرے وقت سے گزر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کیونکہ ہمارا یہ ماننا ہے کہ وباء کے باعث پیش آنے والی مشکل صورت حال میں اپنے ان شراکت داروں کے ساتھ کھڑے ہونا ہماری معاشی اور سماجی ذمہ داری ہے۔

اس مقصد کے لیے دُبئی ہولڈنگ اور میراث دونوں کمپنیوں میں الگ الگ ٹاسک فورسز بنا دی گئی ہیں، جو ہر کیس کو سامنے رکھ کر اس سے متعلق منصوبہ تیار کریں گی جس کے بعد متعلقہ کمپنیوں اور افراد کو مناسب مالی مدد اور معاونت فراہم کی جائے گی۔ دُبئی ہولڈنگ کے زیر انتظام تجارتی اداروں میں جمیرہ گروپ ، دُبئی پراپرٹیز، ٹیکام گروپ دُبئی ایسیٹ مینجمنٹ، دُبئی اینڈ عرب میڈیا گروپ شامل ہیں۔

جبکہ میراث ریئل اسٹیٹ، سیاحت، ہوٹلنگ، ایف اینڈ بی، ریٹیل، انٹرٹینمنٹ، ٹیکنالوجی، بحری اور ہیلتھ کیئر کے سیکٹرز میں درجنوں کمپنیوں کا مالک گروپ ہے۔ میراث گروپ 8 کروڑ مربع فٹ کی ڈویلپڈ زمین، پانچ ہزار سے زائد گھروں، 1400 ریٹیل یونٹس اور 15 اہم ترین تفریحی مقام کا مالک ہے جن میں باکس پارک، ال سیف، بلیو واٹرز، سٹی واک، دُبئی ہاربر، جمیرہ بے، کائٹ بیچ، لا میر، لاسٹ ایگزٹ، پرل جمیرہ، دی بیچ اور آؤٹ لیٹ ولیج شامل ہیں۔