Live Updates

ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران پالیسی میں ایک اوریوٹرن

ٹرمپ جنگ کے بعد امن معاہدے کی کوشش کررہے ہیں ، برطانوی اخبار

جمعرات 7 مئی 2026 16:45

ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران پالیسی میں ایک اوریوٹرن
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر ایک بار پھر اپنی حکمتِ عملی بدلی ہے، چند روز قبل جنگی بیانات اور سخت دھمکیوں کے بعد اب امریکا ایران کے ساتھ جنگ بندی اور نئے جوہری معاہدے کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔برطانوی اخبارکے مطابق امریکا ایران اور پاکستانی ثالثوں کے درمیان ایک ابتدائی معاہدے پر بات چیت جاری ہے جس کے تحت 30 دن کی مذاکراتی مدت میں جنگ ختم کرنے، آبنائے ہرمز کھولنے، پابندیاں نرم کرنے اور ایران کے جوہری پروگرام پر نیا سمجھوتہ طے کیا جا سکتا ہے۔

اخبار کے مطابق ایران نے امریکی تجاویز کو امریکی خواہشات قرار دیتے ہوئے محتاط ردِعمل دیا ہے جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کھولنے کا عندیہ ضرور دیا ہے مگر حتمی منظوری نہیں دی۔

(جاری ہے)

مجوزہ معاہدے کے مطابق ایران کئی برس تک یورینیئم افزودگی محدود رکھے گا، عالمی جوہری ادارے کے معائنہ کار دوبارہ تعینات ہوں گے جبکہ بدلے میں ایرانی اثاثے بحال اور معاشی پابندیاں مرحلہ وار ختم کی جائیں گی۔

برطانوی میڈیا کا دعوی ہے کہ اسرائیل اس ممکنہ معاہدے سے مطمئن نہیں کیونکہ اس میں ایران کے میزائل پروگرام اور خطے میں اس کے اتحادی گروہوں کا ذکر شامل نہیں۔اخبار کی رپورٹ میں شائع کیے گئے تجزیے کے مطابق اگر یہ معاہدہ ہو بھی جاتا ہے تو بھی جنگ کے تباہ کن اثرات باقی رہیں گے کیوں کہ اب تک 5 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں 120 بچے بھی شامل ہیں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات