سپریم کورٹ نے گرے ٹریفکنگ سے متعلق ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا

منگل 17 مارچ 2020 21:21

سپریم کورٹ نے گرے ٹریفکنگ سے متعلق ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2020ء) سپریم کورٹ نے گرے ٹریفکنگ سے متعلق ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ کا کہنا ہے کہ حکومت نے گرے ٹریفکنگ سے نمٹنے کیلئے مؤثر اتظامات کئے جس کے بعد کیس زیر سماعت رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ منگل کو جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے گرے ٹریفکنگ سے متعلق ازخود نوٹس کیس پر سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال نے استفسار کیا کہ کیس میں عدالت حکم دے چکی ہے، کیا پیش رفت ہے۔ جس پر پی ٹی اے کے وکیل منور دوگل نے عدالت کو بتایا کہ عدالت عظمیٰ کے حکم پر مانیٹرنگ کا نظام لگایا جا چکا ہے، گرے ٹریفکنگ کی ویب مانیٹرنگ کیلئے رواں ماہ مارچ میں نظام لگایا گیا ہے، گرے ٹریفکنگ کے حوالے سے ہر تین ماہ بعد عدالت عظمیٰ میں رپورٹ جمع کرا رہے ہیں، ریونیو میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

عدالتی استفسار پر وکیل پیمرا نے بتایا کہ ڈی ٹی ایچ کے ذریعے انڈین چینلز کو روکنے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں، ڈی ٹی ایچ روک تھام کیلئے ایف آئی اے، پیمرا اور ایف بی آر مل کر کام کر رہے ہیں، ڈی ٹی ایچ پر تین مقدمات کا اندراج بھی کیا گیا ہے۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کہ کیس میں خاطر خواہ پیشرفت ہونے کے باعث کیس مزید چلانے کی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ گرے ٹریفکنگ کے سدباب کیلئے حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر نظام لاگو کر دیا گیا ہے، کسی فریق کو کوئی اعتراض ہو تو وہ سپریم کورٹ میں درخواست دے سکتا ہے۔