مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کے علاوہ سعودی عرب کی دیگر تمام مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد

فیصلے کا اطلاق فوری ہوگا، کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر میدان عرفات کو بھی بند کر دیا گیا، سعودی عرب میں کرونا وائرس کے 133 کیسز رپورٹ ہو چکے

muhammad ali محمد علی منگل 17 مارچ 2020 21:03

مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کے علاوہ سعودی عرب کی دیگر تمام مساجد میں ..
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مارچ 2020ء) مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے علاوہ سعودی عرب کی دیگر تمام مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد، فیصلے کا اطلاق فوری ہوگا، کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر میدان عرفات کو بھی بند کر دیا گیا، سعودی عرب میں کرونا وائرس کے 100 سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے خدشات کے باعث سعودی حکومت کی جانب سے ہنگامی فیصلہ کیا گیا ہے۔

سعودی حکومت نے پورے ملک کی مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تاہم اس پابندی کا اطلاق مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ پر نہیں ہو گا۔ اعلان کیا گیا ہے کہ مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے فیصلے کا اطلاق فوری کر دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث عمرہ زائرین پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مملکت کو پندرہ روز کے لیے لاک ڈاؤن بھی کر دیا گیا ہے، جس کے بعد کوئی شخص مملکت سے باہر جا سکتا ہے اور نہ مملکت میں آ سکتا ہے۔ تاہم ابھی تک کورونا وائرس پر قابو نہیں پایا جا سکا، ہر گزرتے دن کے ساتھ درجنوں کیسز سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث سعودی حکام اور عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے مزید 15 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ،جس سے مجموعی متاثرین کی تعداد 133ہو گئی ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سپین سے آنے والی ایک خاتون کورونا وائرس سے متاثرہ نکلی، اسے الظہران میں ایک طبی مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل القطیف میں ایک خاتون سعودی شہری میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔مراکش سے واپس آنے والے دو سعودی شہریوں میں کورونا کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔ انہیں جازان کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ برطانیہ، فرانس ، سوئٹزرلینڈ اور اردن سے آنے والے چار شہریوں کو ریاض کے ایک ہسپتال میں قائم قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں سوئٹزرلینڈ، امریکہ اور فرانس سے تعلق رکھنے والے تین شہری بھی شامل ہیں جنہیں جدہ کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ایک افغان شہری جو افغانستان سے واپس آیا وہ بھی کورونا سے متاثر ہے۔