کورونا وائرس کی وجہ سے کاروبار کی بندش کے پیش نظر مالک مکان کرایہ داروں سے نرم رویہ اختیار کریں:شنیرا اکرم

وائرس کی وجہ سےکیفے، ریسٹوران، دکانیں بند ہیں،اس مشکل وقت میں بلڈنگ اور فلیٹس مالکان کو چاہیے کہ وہ کرایہ لینے میں نرمی دکھائیں تاکہ چھوٹےکاروباروالےلوگوں کو مشکلات درپیش نہ آئیں:اہلیہ وسیم اکرم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 19 مارچ 2020 13:41

کورونا وائرس کی وجہ سے کاروبار کی بندش کے پیش نظر مالک مکان کرایہ داروں ..
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19مارچ2020ء ) سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے کاروبار کی بندش کے پیش نظر گھروں کے مالکان کو چاہیے کہ اپنے کرایہ داروں سے نرمی کا رویہ اختیار کریں۔معروف سماجی کارکن و اداکارہ اور سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پرلکھا کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان بھر میں کیفے، ریسٹوران، دکانیں ، جمز، سکول اور پارکس بند ہوگئے ہیں،اس مشکل وقت میں بلڈنگ اور فلیٹس کے مالکان کو چاہیے کہ وہ اپنے کرایہ داروں سے کرایہ لینے میں نرمی کا مظاہرہ کریں تاکہ چھوٹے کاروبار والے لوگوں کو مشکلات درپیش نہ آئیں‘۔

شنیرا اکرم نے گزشتہ روز بھی کورونا وائرس سے بچنے کیلیے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کیا تھا۔

(جاری ہے)

شنیرا اکرم نے اپنے ٹوئٹ میں ایک گندے ٹشو پیپر کی تصویر شیئر کی تھی جس سے انہوں نے اپنا موبائل فون اور چارجر صاف کیا تھا۔شنیرا اکرم نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’اگر ہمیں چراثیم سے پاک رہنا ہے تو اِس میں صرف ہاتھوں کو صاف رکھنا ضروری نہیں ہے‘۔

وسیم اکرم کی اہلیہ نےاپنے ٹوئٹ میں ٹوئٹر صارفین سے سوال کیا تھا کہ’کیا آپکو معلوم ہے کہ ہم کتنی بار اپنے موبائل کو ہاتھ لگاتے ہیں اور پھر وہ ہی ہاتھ اپنے چہرے پر بھی لگاتے ہیں؟‘-انہوں نے لکھا تھا کہ ’میں نے ابھی اپنے موبائل فون اور چارجر کو صاف کیا ہے۔‘انہوں نے لکھا تھا کہ ’جب تک آپ یہ خود نہ کرلیں تب تک مجھ پر کوئی تبصرہ نہیں کریں۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد263 ہوچکی ہے۔