بھارت میں مائو نواز باغیوں کے حملے میں 17 پولیس کمانڈوز ہلاک، پندرہ زخمی ، بارہ لاپتہ

اتوار 22 مارچ 2020 20:50

راج پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2020ء) بھارت میں ماؤ نواز باغیوں نے پولیس کمانڈوز کے قافلے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 17 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ، 12 اہلکار لاپتہ ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع سکما سے گزرنے والے پولیس کمانڈوز کے قافلے پر 300 سے زائد مائو نواز باغیوں نے حملہ کر دیا، حملہ آوروں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر میں 17 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس سپرنٹنڈنٹ شلاب سنہا نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ مائو نواز باغیوں کے ایک گروہ نے پولیس کمانڈوز کے قافلے کو گھات لگا کر حملے کا نشانہ بنایا، جوابی کارروائی میں 4 باغی بھی مارے گئے۔ حملے کے بعد سے 12 اہلکار لاپتہ ہیں۔حملے کا شکار ہونے والے کمانڈوز اس علاقے میں باغیوں کیخلاف آپریشن کرنے گئے تھے تاہم اس سے قبل ہی مائو باغیوں نے کمانڈوز پر حملہ کردیا جس کے بعد دونوں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ باغی جاتے ہوئے بھارتی پولیس کا اسلحہ بھی لے گئے۔