کورونا وائرس کیخلاف جنگ لڑنے والے مسیحاؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے (آج) سفید پرچم بلند کیے جائیں گے

جمعرات 26 مارچ 2020 14:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) ملک میں کورونا وائرس کیخلاف جنگ لڑنے والے مسیحاؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے (آج) جمعہ کو سفید پرچم بلند کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے حفاظتی اقدامات کے تحت ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے اور اس دور ان ڈاکٹرز ، رضاکار اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج میں مصروف ہیں اس سلسلے میں سفید پرچم لہرانے کا مقصد پاکستان بھر کے ڈاکٹرز،، نرسز اور طبی شعبے سے وابستہ ہر سپاہی کو دوسروں کی خاطر خود کوخطرے میں ڈالنے پر سلام پیش کرنا ہے۔

(آج) جمعہ کو پوری قوم متحد ہوکر سفید پرچم لہرا کر ڈاکٹرز،، نرسز اور طبی شعبے سے وابستہ ہر شخص کو خراج تحسین پیش کرے گی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ‘‘تم مسیحا ہو اس قوم کے، ہمیں تم سے پیار ہے’’ گیت گایا جائے گا۔