کورونا وائرس وبا سے محفوظ رہنے کا واحد راستہ اپنے گھروں میں ہی رہنا ہے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنا ہے، چیف میٹروپولیٹن آفیسر عطاء اللہ بلوچ

جمعرات 26 مارچ 2020 23:39

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) چیف میٹروپولیٹن آفیسر عطاء اللہ بلوچ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس وبا سے محفوظ رہنے کا واحد راستہ اپنے گھروں میں ہی رہنا ہے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنا ہے، یہ بات انھوں نے جمعرات کو سریاب کیچی بیگ کے علاقے میں جاری خصوصی صفائی مہم کے دورے پر گفتگو کرتے ہوئے کہی انھوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن اس وقت ایمرجنسی بنیادوں پر کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاو کے خلاف میدان میں ہے اور روزانہ تقریباً ہزار ٹن سے زیادہ کچرہ ٹھکانے لگاتی ہیں، انھوں نے کہا کہ خصوصی صفائی کے اس سلسلے میں برسوں سے پڑے کچرے کے ڈمپ کی اٹھوائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، انھوں نے کہا کہ شعبہ میکینیکل کی جانب سے تین ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو شیڈیول کے مطابق ہفتے والے دن کلی غلام جان، کلی حبیب، احمد زئی قبرستان اور موسیٰ کالونی کے بڑیچ آباد میں پڑا برسوں پرانا کچرہ اٹھا کر ٹھکانے لگائے گی، عطاء اللہ بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے میٹروپولیٹن دن رات اپنی خدمات جاری رکھے ہوئی ہیں، انھوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر طارق جاوید مینگل کے ہدایات کے مطابق ابتدائی طور پر صفائی کا یہ سلسلہ تیس ایام تک جاری رہے گا اور اس ضمن عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے عملہ صفائی کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو جتنا ہو سکے صاف ستھرا رکھیں کیونکہ یہ وبا پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لی ہوئی ہیں اور اس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازمی ہے، چیف میٹروپولیٹن آفیسر عطاء اللہ بلوچ نے اللہ پاک سے دعا مانگتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک کوئٹہ، پاکستان اور پوری دنیا سے کو اس وبا سے جلد نجات دیں۔