آئی ایم ایف نے وزیراعظم کورونا ریلیف پیکج کوخوش آئند قراردے دیا

کورونا ریلیف پیکج سے متاثرہ خاندانوں کو مدد مل سکے گی، امید ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کے کورونا ریلیف فنڈ کی جلد منظوری دے گا۔ پاکستان میں آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جورجیوا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 27 مارچ 2020 20:49

آئی ایم ایف نے وزیراعظم کورونا ریلیف پیکج کوخوش آئند قراردے دیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ 2020ء) آئی ایم ایف نے وزیراعظم عمران خان کے انسداد کورونا ریلیف پیکج کو خوش آئند قراردے دیا۔ پاکستان میں آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جورجیوا نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف پیکج سے متاثرہ خاندانوں کو مدد مل سکے گی، امید ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کے کورونا ریلیف فنڈ کی جلد منظوری دے گا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں معاشی اصلاح کی کوششیں جاری ہیں۔ ہماری ٹیم پاکستان کی درخواست پر تیزی سے کام کررہی ہے۔ آئی ایم ایگزیکٹو بورڈ کی تجویز پر جلد غور کیا جائے گا۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان معاشی اصلاحات پر کاربند ہے۔موجودہ حالات پاکستانی معیشت کیلئے چیلنجز ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا انسداد کورونا ریلیف پیکج خوش آئندہ ہے۔

(جاری ہے)

اس ریلیف پیکج سے متاثرہ خاندانوں کو مدد مل سکے گی۔ پاکستان نے ریلیف پیکج کیلئے فوری فنڈز کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان یہ فنڈز انسداد کورونا اور ریلیف کیلئے استعمال کرنا چاہتاہے۔ ریلیف اقدامات میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ امید ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کے کورونا ریلیف فنڈ کی جلد منظوری دے گا۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹرنے بتایا کہ ان کوششوں میں تقویت لانے اورعوام ومعیشت کو مناسب ریلیف کی فراہمی کیلئے پاکستان کی حکومت نے فنڈ ریپیڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ (آرایف آئی) کے تحت مالی معاونت کی درخواست کی ہے، پاکستان کو ہنگامی بنیادوں پرمالی تعاون کی فراہمی سے حکومت کو ادائیگیوں میں توازن کے اضافی اورضروری ادائیگیوں اورملک کے شدید متاثرہونے والے شعبوں جن میں سماجی تحفظ، یومیہ اجرت پرکام کرنے والے مزدوروں اور صحت عامہ کے نظام کو فنڈز کی بروقت اورسہل فراہمی میں مدد ملیگی۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کی ٹیم پاکستان کی حکومت کی درخواست پرعاجلانہ کام کررہی ہے تاکہ اسے جلد ازجلد آئی ائم ایف کے انتظامی بورڈ کے سامنے منظوری کیلئے پیش کیا جاسکے۔ کرسٹینا نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے حکام نے آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈسہولت کے تحت اصلاحات کے پروگرام کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاہے، یہ اصلاحات پاکستان کے اقتصادی بڑھوتری کے امکانات کو بڑھانے کیلئے اہمیت کے حامل ہیں اوراس کے ثمرات تمام پاکستانیوں بالخصوص معاشرے کے کمزورطبقات تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم پاکستان کے اقتصادی اورڈھانچہ جاتی اصلاحات کے پروگرام پر عمل درآمد میں ہر ممکنہ تعاون کو یقینی بنائے گا۔