سعودی عرب میں 99 مزید نئے کیسز سامنے آگئے

ان کیسز میں10افراد کی ٹریول ہسٹری ہے، سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 1203ہوگئی، ابھی تک 4 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ37 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں۔ سعودی وزارت صحت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 مارچ 2020 18:44

سعودی عرب میں 99 مزید نئے کیسز سامنے آگئے
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2020ء) سعودی عرب میں 99 مزید نئے کیسز سامنے آگئے، ان کیسز میں10افراد کی ٹریول ہسٹری ہے، سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی کل تعداد1203ہوگئی ،جبکہ ابھی تک 4 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 99 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے ساتھ سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 1203ہوگئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نئے کیسز میں10افراد کی ٹریول ہسٹری ہے جبکہ 89 کیسز منفرد نوعیت کے ہیں ، ان کیسز براہ راست کسی ایسے شخص سے تعلق رہا جس نے بیرون ملک سفر کیا یا پھر ان میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جن کا متاثرہ افراد سے تعلق رہا ہے۔اسی طرح سعودی عرب میں ابھی تک اموات کی تعداد4رپورٹ ہوئی ہے اور 37 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

نئے کیسز میں41ریاض، 18جدہ،12مکہ، 6مدینہ اور 12قطیف سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 27ہزار 365 جبکہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ تک ہوگئی ہے، اٹلی میں صرف ایک روز میں 919 افراد موت کی نیند سوگئے۔ اسی طرح کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے 1لاکھ 33 ہزار افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ اس وائرس سے سب سے متاثرہ ممالک میں امریکا اوپر آگیا ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 4ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے اور 1700افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ہلاکتوں کے اعتبار سے سب سے متاثرہ ملک اٹلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 919افراد ہلاک ہوگئے جو وبا پھیلنے کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ اس ملک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 9ہزار 134اموات ہوچکی ہیں۔اسپین میں 5ہزار 138، چین میں 3ہزار 295، ایران میں 2378اور فرانس میں 1995افراد کورونا وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

برطانیہ میں 759، نیدرلینڈز میں 546، جرمنی میں 350، بلجیم میں 289، سوئٹزرلینڈ میں 231اور جنوبی کوریا میں 244 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ پاکستان کو دیکھا جائے تو وفاقی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 12ہزار218مشتبہ کیسز ہیں پاکستان میں1408کیسزکنفرم ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے میں173کیسز کا اضافہ ہوا، 25 لوگ صحتیاب اور11اموات ہوچکی ہیں۔